Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برازیل: فٹبال کلب میں آتشزدگی، 10 کھلاڑی ہلاک

ریوڈی جنیرو: برازیل کے معروف فٹبال کلب فلیمنگو میں اچانک آگ لگنے سے10فٹبالر ہلاک ہو گئے۔ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر کئی گھنٹوں بعد قابو پا یا گیا۔ 3 فٹبالر شدید زخمی بھی ہوئے، وجوہات کا تعین تاحال نہ ہو سکا۔برازیل کے ساحلی شہر ریو ڈی جنیرو میں واقع فٹبال کلب میں علی الصبح آگ لگی جس کے نتیجے میں 10 فٹبالر ہلاک ہو گئے جبکہ 3 کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔یہ آگ 14 سے 17سال کی عمر کے نوجوان فٹبالرز کی اکیڈمی کی عمارت میں لگی جس پر 2گھنٹے بعد قابو پا یا جا سکا۔ امدادی کارکنوں نے بتایا کہ کھلاڑی اکیڈمی میں سو رہے تھے کہ عمارت میں آگ لگ گئی تاہم آتشزدگی کی وجوہات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا۔ آگ تقریباً صبح 5 بجے ریو ڈی جنیرو کے ضلع ورگیم گرانڈے میں لگی جہاں اعلیٰ پیشہ ورانہ سہولیات سے لیس برازیل کے سب سے مشہور کلب فلیمنگو کا ا سکواڈ بھی ٹریننگ کرتا ہے۔حادثے میں ہلاکتوں کے حوالے سے متضاد اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق مرنے والے تمام 10 افراد نوجوان فٹبالرز ہیں جبکہ کچھ اطلاعات ہیں کہ مرنے والوں میں 6 نوجوان فٹبالرز اور 4 اسپورٹ ا سٹاف کے اراکان ہیں۔آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی لیکن ایک دن قبل ہونے والی بارش کے سبب جس وقت آگ لگی، اس وقت کلب میں بجلی اور پانی نہیں تھا۔فلیمنگو کلب سے نکل کر برازیل کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے والے چند مشہور کھلاڑیوں میں رونالڈینو، ببیتو اور روماریو شامل ہیں۔ برازیل کی تاریخ کا سب سے کامیاب کلب ہونے کے ساتھ ساتھ فلیمنگو کی باسکٹ بال، روئنگ، سوئمنگ اور والی بال کی بھی ٹیمیں ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: