Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے فیس استثنیٰ کی منظوری دیدی

ریاض۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودائزیشن کیلئے نطاقات پروگرام کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کو2018ءکی مکمل فیس سے استثنیٰ دیدیا۔ جن کمپنیو ںنے یہ فیس ادا کردی انہیں یہ واپس کردی جائیگی جن کمپنیوں نے ادا نہیں کی اور انہوں نے سعودائزیشن پروگرام کی پابندی کی ہے انہیں اس فیس سے استثنی دیدیا جائیگا۔ سعودائزیشن کی پابندی کرنے والے وہ تمام نجی ادارے جو نطاقات کے تحت پلاٹینیم یا گرین نطاق یا اوسط درجے کے گرین نطاق یا معمولی درجے کے گرین نطاق کی 12ماہ تک پابندی کررہے تھے اور وہ فیس جمع کراچکے تھے انکی ساری فیس واپس کردی جائیگی اگر وہ پابندی کرتے رہے ہیں اور فیس ادا نہیں کی تو 2018 ءکی مکمل فیس سے انہیں استثنیٰ دیدیا جائیگا۔ وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے سعودائزیشن کیلئے نطاقات پروگرام کی پابندی کرنے والے اداروں کو فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منظوری کی بدولت نجی اداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ ملک کے ترقیاتی عمل میں اپنا کردار احسن شکل میں ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس شاہی منظوری کی بدولت نجی اداروں کو اپنے اہداف کی تکمیل اور سعودی خواتین و حضرات کو بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے اور شرح نمو میں زیادہ موثر کردارادا کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر محنت نے بتایا کہ ریڈ اور یلو نطاق والے اداروں کو گرین اور پلاٹینیم نطاقات میں منتقل ہونے کی حوصلہ افرائی کیلئے مہلت دی جائیگی۔ ان اداروں میں سے جو آئندہ 12ماہ کے دوران سعودائزیشن کی اوسط شرح بڑھانے میں کامیاب ہونگے انہیں بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی طور پر نجی اداروں کی حوصلہ افزائی کےلئے 200ارب ریال کا بجٹ منظورکیا گیا ہے اس میں سے11.5ارب ریال پابندی کرنیوالے اداروں کیلئے مذکورہ مد میں رکھے گئے ہیں۔ 
 

شیئر: