Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آنکھوں کی حفاظت کے لیے وٹامن ای ضروری ہے ‎

آنکھوں کی صحت اور حفاظت اچھی بصارت کے لئے بے حد ضروری ہے اور ذرا سی بے احتیاطی بصارت میں کمی یا بصارت کے ختم ہو جانے کا سبب بن سکتی ہے ۔ آنکھوں کا باقاعدگی سے چیک اپ ہونا اور بصارت ٹیسٹ کروانا ضروری ہے کیونکہ عام طور پر آنکھوں کے مسائل  درد یا تکلیف کا سبب نہیں بنتے لہذا کسی بھی قسم کے مسئلے کی فوری تشخیص نہیں ہوپاتی ۔ جسم کے تمام اعضاء  کی بہتر کارکردگی کے لیے بہت سے وٹامن اورمنرلز ضروری ہیں تاہم جب آنکھوں کی بات ہو تو وٹامن ای سب سے زیادہ اہم قرار دیا جاتا ہے ۔ 
ہالینڈ اور بیرٹ کے مطابق وٹامن ای مدافعاتی نظام کو مضبوط بنانے اور آنکھوں اور جلد کو صحت فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے ۔ سات سال پر مشتمل ایک طویل تحقیق کے مطابق 3640 افراد ، جو میکیولر ڈی جینریشن کا شکار تھے ، کو وٹامن ای سپلیمنٹس کچھ دیگر سپلیمنٹس کے ساتھ شامل کرکے روزانہ کی بنیاد پر دیے گئے تو ان میں اس بیماری کے ایڈوانس اسٹیج تک بڑھنے کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہوگیا ۔ 
کچھ دیگر تحقیقات یہ بات بھی ثابت کرتی ہیں کہ وٹامن ای موتیا کی بیماری کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتا ہے ۔ غذائی ماہرین روزانہ کی بنیاد پر تین سے چار ملی گرام وٹامن ای لینے کا مشورہ دیتے ہیں ۔ 
وٹامن ای کے علاوہ وٹامن ڈی اور زنک وہ عناصر ہیں جنہیں آنکھوں کی صحت کے لئے ضروری سمجھا جاتا ہے ۔ وٹامن ڈی نظر کو تیز کرتا ہے اور ریٹینا پر ورم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ زنک میکیولر ڈی جینریشن سے بچاؤ کے لئے ضروری ہے ۔ یہ وٹامن اے کو ریٹینول سے ریٹینل میں تبدیل ہونے میں بھی مدد دیتا ہے جو نائٹ بلائنڈنس سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ یہ دیگر غذائی اجزاء کو جسم میں جذب کرنے اور خلیات کو ٹوٹ پھوٹ  اور سو جن سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے ۔ غذائی ماہرین کے مطابق روزانہ سات سے نو ملی گرام زنک کا خوراک میں شامل ہونا ضروری ہے ۔

شیئر: