Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مستقبل کیلئے حا ل کو سدھارنا ہوگا، ترکی الفیصل

ریاض۔۔۔ کنگ فیصل اسلامک اسٹڈیز ریسرچ سینٹر کے سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ عربوں کے موجودہ حالات امید افزا نہیں۔ مشرق وسطیٰ کے حالات تشویشناک و خوفناک ہیں۔ انہیں دیکھ کر دوست دکھی اور دشمن خوشی کے شادیانے بجا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ کشمکشوں اور فتنوں سے آباد ہے۔ دشمن یہی چاہتے ہیں کہ ہمارا یہ حال برقرار رہے۔ عرب دنیا کی حالت مرد بیمار جیسی ہے جسے متعدد بیماریاں لگی ہوئی ہیں۔ خود عرب ان حالات کیلئے ذمہ دار ہیں۔ تفرقہ و انتشار اور ایک دوسرے کی گردن اتارنے کی کوششوں نے ہمیں یہاں تک پہنچایا ہے۔ ہمارے بہت سارے ممالک اور قائدین بیماریوں کی صحیح تشخیص کو نظرانداز کررہے ہیں۔ اس انحطاط پذیر صورتحال سے نکالنے والی پالیسیوں کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ ترکی الفیصل نے ابوظبی میں امارات کی وزارت خارجہ و عالمی تعاون کے زیر اہتمام منعقدہ مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عرب دنیا ہر سطح پر خارجی دنیا کے سامنے کھلی ہوئی ہے۔ کئی عشروں سے زوال پذیر ہے۔ گزشتہ برسوں کے دورا ن پیش آنے والے بڑے بڑے واقعات کا خمیازہ ہمارے سامنے ہے۔ عرب دنیا ہنگاموں میں گھری ہوئی ہے۔ علاقائی اور عالمی سطح پر اپنا توازن کھوئے ہوئے ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ خلیجی عوام جی سی سی سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے تھے۔ تاہم قطر کے حکام کے نرگسی مزاج نے ایسی پالیسیاں اپنائیں جن سے نہ ملکی مفادات پورے ہورہے ہیں نہ علاقائی مفادات حاصل ہوپا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے حال کو بہتر بنانے کا اہتمام کیا اور اس میں سدھار لانے میں کامیاب ہوگئے تو ہمارا مستقبل روشن ہوگا۔ ہمارے مستقبل کا انحصار حال کے سدھار پر ہے۔ 
 

شیئر: