Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری‘ مریض پریشان حال

کراچی:  شہر قائد اور سندھ بھر میں سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے آج دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے نہ صرف کئی آپریشنز ملتوی کیے جا چکے ہیں جبکہ مریضوں اور ان کے تیمار داروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے مطالبے کے ساتھ صوبے بھر میں ینگ ڈاکٹرز احتجاج کررہے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال، سول اسپتال، این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی سمیت دیگر اسپتالوں میں او پی ڈیز کا بائیکاٹ گزشتہ روز شروع کیا گیا تھا جو آج بھی جاری ہے اس کے علاوہ سندھ کے کئی شہروں میں بھی ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے مریض نہ صرف پریشان ہیں بلکہ بیشتر کو نجی اسپتال کی جانب جانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عمر سلطان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن تاحال اس سے متعلق کوئی نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا، جب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا بائیکاٹ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے باعث آج ہونے والے آپریشن بھی ملتوی کردیے گئے ہیں اور وارڈز میں بھی ڈاکٹروں نے کام بند کردیا۔ دوسری جانب نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے سیکرٹری صحت سعید اعوان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات تسلیم کرلیے ہیں اور آئندہ اجلاس میں سمری منظور کرلی جائے گی۔

شیئر: