Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج او رعمرہ میں شعور و آگہی

فاتن محمد حسین ۔ المدینہ
وزارت حج و عمرہ” وژن 2030“ کی تکمیل کے حوالے سے انتہائی اہم وزارت ہے۔ اسی تناظر میں اس وزارت نے ایک خصوصی ادارہ قائم کیا ہے جسے حج و عمرہ کے حوالے سے سعودی وژن 2030کی تکمیل کا مشن سونپا گیا ہے۔ ہر سال 30ملین سے زیادہ حجاج اورمعتمرین کو سعودی عرب آنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے وژن سے ہم آہنگ پروگرام ترتیب دینے اور اسٹراٹیجک اہداف تیار کرنے نیز باصلاحیت افرادی قوت مہیا کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
2برس قبل حج کے موقع پر خدمات فراہم کرنے والے تمام اداروں کو جمع کرکے ایک ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ معلمین کے اداروں، داخلی حجاج کی کمپنیوں، صحت، امن عامہ او رٹریفک وغیرہ اداروں کے نمائندوں کو ورکشاپ میں شریک کیا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ وہ سعودی وژن کے حوالے سے اپنے اپنے ادارے کے بارے میں جامع تصور پیش کریں۔ شرکاءنے حج و عمرہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اچھوتے افکار پیش کئے۔ 
غالباً سب سے اہم چیلنج یہ تھا کہ حج وعمرہ نظام میں آگہی کا معیار بہتر بنانے کیلئے کیا کچھ کیاجائے۔ یہ چیلنج اس لئے بیحد اہم ہے کیونکہ آگہی کا معیار حد سے کم ریکارڈ کیاگیا۔ 2اسٹراٹیجک ہدف متعین کئے گئے۔ ایک ہدف تو یہ کہ حج اور عمرہ خدمات انجام دینے والوں میں آگہی کا معیار بلند کیا جائے۔ دوم یہ کہ حج اور عمرے پر آنے والوں میں آگہی اور شعور بیدار کرنے کا اہتمام کیا جائے۔
پہلا ہدف حاصل کرنے کیلئے حج و عمرہ کارکنان کی ٹریننگ کےلئے وزارت کے ماتحت ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کی اسکیم بنائی گئی۔ تربیت کی ضروریات کا احاطہ کیاگیا۔ اب جبکہ مجالس انتظامیہ میں خواتین کی تقرری عمل میں لائی جاچکی ہے لہذا یہ ضرورت ابھر کر سامنے آگئی ہے کہ ٹریننگ سینٹر خواتین کو بھی تربیتی اسکیموں کا حصہ بنائے کیونکہ حج و عمرہ پر آنے والی خواتین کی خدمت کےلئے معلم خواتین خدمات انجام دینے لگی ہیں۔ جب تک معلم خواتین کی صحیح تربیت نہیں ہوگی اسو قت تک وہ اپنا مشن احسن طریقے سے انجام نہیں دے سکیں گی۔ اس سلسلے میں وزارت کو معلم خواتین کی تربیتی ضرورتوں پر مشتمل ایک جائزہ بھی پیش کیا جاچکا ہے۔ امید ہے کہ وزارت اس پر توجہ دے گی۔ یہ بات بھی مد نظر رہنی چاہئے کہ سعودی وژن 2030کے تحت تعمیر و ترقی اور خدمات کے باب میں خواتین کی شراکت کا تناسب 22فیصد سے بڑھا کر 30فیصد تک لیجانا ہے۔ 
ٹریننگ سینٹر کی فیسیں سب لوگوں کے مالی حالات کو مدنظر رکھ کر مقرر کی جائیں۔ حج و عمرہ ڈپلومہ کی فیس 6500ریال بہت زیادہ ہے۔ 
جہاں تک حجاج اور معتمرین میں آگہی مہم کا تعلق ہے تو حج موسم 1439ھ میں اس حوالے سے رابطہ ادارے نے عربی، انگریزی، فرانسیسی، ترکی ، اردو اور ملائی زبانوں میں آگہی لٹریچر تیار کیا ہے۔ بہتر ہوگا کہ اسے حجاج بھیجنے والے ممالک کے حوالے کیا جائے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: