Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلیڈی ایٹرز کی 6 وکٹوں سے فتح،عمراکمل کے جارحانہ 75رنز

   دبئی: پاکستان سپر لیگ 4 میں عمر اکمل نے شاندار انٹری دے کر 75رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ، اس شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آغاز میں بہترین بولنگ سے پشاور زلمی کو تیز نہیں کھیلنے دیا، تاہم پی ایس ایل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران اکمل نے زلمی کی جانب سے 49 رنز بنائے۔صہیب مقصود کے ساتھ انہوں نے 64 رنز کی اہم پارٹنر شپ قائم کی تاہم 77 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل اور 90 پر صہیب مقصود 26 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے۔کیرون پولارڈ صرف 3 رنز بناسکے۔ مصباح الحق نے 49رنز کی ناٹ آوٹ اننگزکھیلی اور لیام ڈاسن کے 21رنز کی بدولت دونوں نے 53 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی جس کے باعث پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز سکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر محمد نواز نے 2 جبکہ غلام مدثر اور محمد عرفان جونیئر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں سرفراز احمد کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلا نقصان اننگز کی پہلی ہی گیند پر اٹھانا پڑا جب حسن علی نے احمد شہزاد کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔شین واٹسن نے ریلی روسو کے ہمراہ اسکور 34 رنز تک پہنچایا ۔وہاب ریاض نے 19 رنز بنانے والے ریلی روسو کوآوٹ کیا اس وقت اسکور 71 رنز تھا، اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے لاہور قلندرز سے اس برس کوئٹہ کی ٹیم میں شامل ہونے والے عمر اکمل کے ساتھ مل کر میچ اپنے حق میں کرلیا۔دونوں نے 62 رنز کی شراکت قائم کی۔سرفراز احمد 37 رنز بنانے کے بعد 133 رنز پر آوٹ ہوئے تو عمر اکمل نے ٹیم کو جتوانے کی ذمہ داری لی اور آخری اوورز میں چھکا لگا کر 75 رنز کی اننگز کھیلی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے فتح دلوائی۔ وہاب ریاض نے 2 جبکہ حسن علی اور عمید آصف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمر اکمل کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: