Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چاہتے ہیں سعودی سیاح پاکستان آئیں،فواد چوہدری

اسلام آباد ...وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دوروں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے۔اسلام آباد میں شاہ فیصل مسجد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط رشتے کی عکاسی کرتی ہے۔چاہتے ہیں عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں۔سعودی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں۔ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو تزویراتی شراکت داری میں بدل دیں۔انہوںنے کہاکہ میڈیا حقیقت حال کی عکاسی کرتا ہے اگر صورت حال مثبت ہے تو میڈیا مثبت تاثر دےگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مثبت صورتحال ہے تو دونوں ملکوں میں مثبت صورتحال کی عکاسی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہریوں کے لئے ویزے کی مخصوص سہولتیں فراہم کی ہیں۔ پاکستان میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جن کو دیکھ کر اکثر لوگ سوئٹزرلینڈ کو بھی بھول جاتے ہیں۔ پاکستان میں دنیا کی بلند ترین برفانی چوٹیاں ، سمندراور قدرتی مناظر موجود ہیں۔ چاہتے ہیں سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک کے لوگ یورپ جانے کے بجائے سیرو سیاحت کے لئے پاکستان کا رخ کریں اس سلسلے میں جامع مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن کی تائید اور حمایت کرتے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ سعودی وزارت اطلاعات کے ساتھ بھر پور تعاون کررہے ہیں تاکہ اسلامی رواداری کو فروغ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنایا جائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اپنا یا جائے گا۔
 

شیئر: