Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز ٹیسٹ میں ایک وکٹ سے ہرا دیا

  ڈربن: سری لنکانے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن کوشل پریرا کی غیر معمولی بیٹنگ کی مدد سے اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نا ممکن سمجھی جانے والی فتح سمیٹتے ہوئے میزبان ٹیم کو ایک وکٹ سے ہرا دیا ۔ کوشل پریرا اور وشوا فرنینڈو کے درمیان 10ویں وکٹ کیلئے 78رنز کی ناقابل شکست شراکت اور کوشل پریرا کے153رنز نے اس کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا ۔ آخری بیٹسمین وشوا فرنینڈو نے بھی پریرا کا بہت عمدگی سے ساتھ دیتے ہوئے تجربہ کار جنوبی افریقی بولرز سے اپنی وکٹ بچائے رکھی اور یادگار فتح میں حصہ ڈالا۔فرنینڈو 27گیندوں پر6رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ میزبان جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو فتح کیلئے 304رنز کا ہدف دیا تھا لیکن کوشل پریرا اور دھننجایا ڈی سلوا کی جانب سے مزاحمت اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں96رنز کے اضافے کے بعد دھننجایا آوٹ ہوئے تو سری لنکا کی 3 وکٹیں صرف5رنز کے اضافے پر گر گئیں اور مہمان ٹیم کے لئے کامیابی ناممکن نظر آنے لگی لیکن اس کے بعد جو کچھ ہوا اسے یادگار اور تاریخی ہی کہا جا سکتا ہے ۔ کسی کو توقع نہیں تھی وشوا فرنینڈو اور کوشل پریرامزید78رنز بنانے میں کامیاب ہو سکیں گے لیکن دونوں نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور سری لنکا کو یادگار اور تاریخی کامیابی سے ہمکنار کر دیا ۔ کوشل پریرا نے اس میچ میں ہیرو کا کردار ادا کرتے ہوئے 200گیندوں پر153رنز کی فتح گر اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے ۔ یہ میچ جیت کر سری لنکا نے سیریز میں 0-1کی برتری حاصل کر لی ۔ میزبان جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں سری لنکا کو 191رنز پر آوٹ کرنے کے بعد پہلی اننگز میں 235 رنز بنا کر 44رنز کی برتری حاصل کی تھی ۔ دوسری اننگز میں259رنز بناتے ہوئے 303رنز کی مجموعی برتری کے ساتھ سری لنکا کو 304کا ہدف دیا تھا ۔اس ہدف کو مہمان ٹیم نے 85.3اوورز میں حاصل کرلیا ۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے3جبکہ ڈیل اسٹین اور ڈوائن اولیویئر نے2،2وکٹیں لیں ۔
 کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: