Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی سلامتی کو مخدوش کرنے کی اجازت نہیں دینگے: عمران خان

اسلام آباد: پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے دورے سے دونوں ممالک کے اسٹراٹیجک تعلقات کا نیا باب کھلے گا۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے گہرے، مستحکم اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اسلام آباد میں ”عکاظ“ اور ’سعودی گزٹ‘ کے نمائندوں کو انٹر ویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا سعودی عرب، پاکستان کو مضبوط اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہے ۔ اسی طرح پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی عرب پر امن اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن رہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’ سعودی عرب ہمارے دلوں میں ہے۔ سعودی عرب کی سلامتی ہمیں انتہائی عزیز ہے۔ ہم سعودی عرب کی سلامتی کو مخدوش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ سعودی عرب کے ذریعے محفوظ اقتصادی اور ثقافتی راہ داری قائم کی جائے۔ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کے لیے دروازے کھلے ہیں۔ ’اس حوالے سے ہم سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔گوادر میں قائم ہونے والی تیل ریفائنری پاکستان میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔‘ عمران خان نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے اسلامی افواج کا اتحاد جسے سعودی عرب کی قیادت میں قائم کیا گیا تھاکسی ملک یا فرقہ کے خلاف نہیں۔اسے حقیقت کے بر خلاف پیش کرنے کی کوشش کرنا مذاق کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ ولی عہد کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تیل ریفائنری کے علاوہ دیگر اہم اقتصادی معاہدوں پر دستخط متوقع ہے۔ پاکستان متنازعہ مسائل کے فوجی حل کا حامی نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم مذاکرات ، افہام وتفہیم اور سیاسی طریقے سے مسائل کے حل کے خواہاں ہیں۔ حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب کے امن وامان کو نشانہ بنانے کی ہر کوشش قابل مذمت ہے۔‘ عمران خان نے مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے امن واستحکام کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو پیغام دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے۔ اس کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے اس کی تعمیر وترقی میں کردار ادا کریں اور دونوں ممالک کے بہترین تعلقات کو فروغ دینے کا ذریعہ بنیں۔
 
 

شیئر: