Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ میں سائنسی پروجیکٹس اور چارٹس کی نمائش

پروجیکٹس، چارٹس وماڈل کی تیاری نیز تزئین وآرائش میں تمام اساتذہ نے بھر پور مددو رہنمائی کی،جماعت اول تا پنجم کے طلباء نے نمائش میں شرکت کی
کمیونٹی ڈیسک ۔۔ جدہ
       پاکستان انٹر نیشنل اسکول جدہ اپنی شاندار تعلیمی روایات اور بہترین نتائج  کے باعث مملکت میں نمایاں اورمنفرد مقام رکھتا ہے ۔  یہاں نصابی ہی نہیں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کے انعقاد میں بھی ادارہ ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے ۔ اس ضمن میں سینیئر گرلز سیکشن میں وائس پرنسپل  رومیلہ یاسین کی سربراہی میں جماعت اوّل تا پنجم کی طالبات کیلئے سائنسی نمائش کا انعقاد کیا ۔ نمائش ان جماعتوں کے نصاب کے مطابق ترتیب دی گئی تھی تاکہ طالبات کو پروجیکٹس اور چارٹس کے ذریعے سبق ذہن نشین کروایا جا سکے ۔ نمائش کی مہمانِ خصوصی وائس پرنسپل مسز رومیلہ یاسین تھیں۔اس سلسلے میں پرائمری سیکشن کی نگرانِ اعلیٰ (کوآرڈینیٹر) مسز منزہ راجہ نے اساتذہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کر کے اس پروگرام کو مثالی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اس پروگرام کی نگراں سینیئر ٹیچر مسز عائشہ سجادتھیں جبکہ ان کی معاونت مسز شازیہ زمان ، مسز فرح ناز اور مسز ایمان مجاہد نے کی ۔ پروگرام کے مصنّفین میں  سینیئر اساتذۂ کرام مسز فوزیہ جبین ، مسز زبیدہ مصطفی اور مسز عائشہ سجاد شامل تھیں ۔ نمائش میں ہر جماعت کو الگ الگ ہدف دیا گیا تھا جس کے مطابق طالبات نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا اور اپنے اپنے نصابی ہدف کے مطابق ماڈلز اور چارٹس تیار کئے۔ان پروجیکٹس میں جنگلی حیات کے بارے میں بھی بہترین ماڈلز کے ذریعے گوشت خور اور سبز ہ خور جانوروں کی اقسام کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا ۔اسکے علاوہ آلودگی کی وجوہ،نتائج،تدارک ، واٹر سائیکل ، نظامِ شمسی فارم ہائوس اور چڑیا گھر کے ماحول وغیرہ کے ماڈل بنائے گئے تھے۔ تقریبا100سے زائد طلباء و طالبات کے بنائے گئے چارٹس بھی نمائش کا حصّہ تھے ۔ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہی ۔اس میں موجود پروجیکٹس، چارٹس وماڈل کی تیاری اور پھر اسکول کے ہال میں اس کی نمائش نیز تزئین وآرائش میں تمام اساتذہ نے بھر پور مددو رہنمائی کی ۔ تمام پروجیکٹس اس قدر اعلیٰ معیار کے تھے کہ منصفین کیلئے اوّل ،دوم، سوم کا فیصلہ کرنا مشکل تھا ۔آخر کار بہت غورو خوض کے بعد ہر جماعت سے یعنی جماعت اوّل تا پنجم تمام فریقین (سیکشنز) سے 2طالبات کو فرسٹ،  2کو سیکنڈ اور 2کو تھرڈ قرار دیا گیا۔ 30 کے قریب خصوصی انعامات دیئے گئے اور طلباء و طالبات کے بہترین کام کے پیشِ نظر منصفین کی متفقہ رائے کے مطابق شرکت کرنیوالے طالبِ علموں کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ اس نمائش کی خاص بات مختلف موسموں اور دیہی زندگی کی خوبصورت عکاسی مختلف چارٹس اور ماڈل کے ذریعے کی گئی تھی جس میں کنویں اور ہل بیل وغیرہ کے ماڈل اور چارٹس دیکھنے والوںکی توجہ اپنی جانب مبذول کروا رہے تھے۔ نمائش اساتذہ اور والدین کی باہمی ملاقات(میٹنگ) کے روز بھی جاری تھی جسے والدین کی ایک کثیر تعداد نے بڑی دلچسپی اور ذوق و شوق سے دیکھا اور سراہا ۔انہوں نے مستقبل میںبھی ایسی مفیدسائنسی نمائش کے انعقاد پر زور دیا۔
مزید پڑھیں:- - - -بھٹو، نے غریبوں کے حقوق کو اجاگر کیا ، وہ عوامی لیڈر تھے ، مقررین

شیئر: