Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد نے خود کو”پاکستان کا سفیر“ کہہ کر پاکستانیوں کے دل جیت لئے ، چوہدری شفقت

عمران خان کی قیادت پر شہزادہ محمد بن سلمان کے اعتماد اور اپنائیت سے واضح ہو گیا کہ انہیں پاکستان کسقدر عزیزہے ، صدر پاکستان انویسٹرز فورم 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان انویسٹرز فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود نے کہا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ انتہائی مفید رہا۔کراﺅن پرنس نے جس طرح ذاتی سطح پر پاکستان اور اہل پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا اس نے تمام ہم وطنوں کے دل جیت لئے ۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شفقت نے مزید کہا شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر جس انداز میں اعتماد اور اپنائیت کا اظہار کیا ہے اس سے واضح ہوگیا کہ سعودی عرب کےلئے پاکستان کس قدر اہمیت کا حامل ہے ۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے خود کو مملکت میں پاکستان کا سفیر کہہ کر تمام پاکستانیوں کا قد بڑھا دیا ۔ جبکہ انکے جملوں نے پاکستانیو ں کے دل جیت لئے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جس طرح مملکت میں بسنے والے ہم وطنوں کے بارے میں جس اپنائیت کا اظہار کرتے ہوئے تارکین کے مسائل پیش کئے اس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت کے پیش نظر ہم وطنوں کی کتنی قدر و منزلت ہے ۔ دورہ پاکستان کے موقع پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جس اپنائیت و خلوص کا اظہار کیا اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا ۔ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا اس طرح ساتھ دیا ہے جیسے بڑا بھائی اپنے چھوٹے بھائی کا خیال رکھتا ہے ۔ ہر مشکل موقع پر مملکت کی قیادت صف اول میں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے ۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کا ری کے جو معاہدے کئے گئے ہیں ان کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ اب پاکستان کے لئے ترقی کے دروازے کھل چکے ہیں ۔ سعودی عرب کی جانب سے پیٹروکیمیکل کے علاوہ دیگر صنعتوں میں کی جانے والی سرمایہ کا ری کے مثبت اثرات جلد برآمد ہونگے جن سے ہر اہل وطن مستفیض ہو گا ۔ چوہدری شفقت کا کہنا تھا کہ پاکستان اب حقیقی معنوں میں ایشیا کا ٹائیگر بنے گا ۔اب وہ وقت آگیا ہے جس کا انتظار برسوں سے ہر پاکستانی کو تھا ۔ 
 
 

شیئر: