Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ زخمی ہونے کے باعث پی ایس ایل سے باہر

لاہور:پاکستان سپر لیگ فرنچائز لاہور قلندرز کپتان محمد حفیظ سے محروم ہوگئی ہے اور حفیظ انجری کے سبب لیگ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان لگ گیاہے۔ لاہور قلندرز کے دوسرے میچ کے دوران محمد حفیظ کی گیند پر کولن انگرام نے شاٹ کھیلا اور کیچ پکڑنے کی ناکام کوشش میں حفیظ کی انگلی زخمی ہوگئی۔ محمدحفیظ کو فوری طور پر میدان سے باہر لے جا کر معائنہ کیا گیا اور قلندرز کی میچ میں 22رنز سے فتح کے بعد انہیں فوری طور پر ایکسرے اور اسکین کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے بعد ڈاکٹرز نے حفیظ کو آرام کا مشورہ دیا تھا اور امید تھی کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے تاہم اب ان کی لیگ میں شرکت مشکل ہو گئی ہے۔ پشاور زلمی کے خلاف میچ میں اے بی ڈی ویلیئرز نے لاہور قلندرز کی قیادت کی ۔ حفیظ کی صرف پی ایس ایل میں ہی شرکت کا خاتمہ نہیں ہوا بلکہ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہو گئی ہے اور ان کی شرکت کا انحصار فٹننس پر ہو گا۔ محمد حفیظ نے اس سے قبل گزشتہ تینوں سیزن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی تھی اور اس سال وہ لاہور قلندرز کے کپتان مقرر کئے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے اپنی ٹیم کے دوسرے ہی میچ میں وہ زخمی ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔حفیظ کی غیرموجودگی میں پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے جبکہ فرنچائز نے ان کے متبادل کو اسکواڈ کا حصہ بنانے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ لاہور قلندرز کی مینجمنٹ کے مطابق محمد حفیظ کو انگوٹھے میں فریکچر ہے جس کیلئے سرجری درکار ہے اور انہیں مکمل طور پر بحال ہونے کیلئے 6 سے 8 ہفتے لگیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کو اسکواڈ سے ریلیز کیا جارہا ہے اور ان کا متبادل ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ثمین رانا نے کہا کہ کپتان محمد حفیظ کے ٹیم سے آوٹ ہونے پر افسوس ہے،ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ وہ جلد فٹ ہو کر واپس آئیں گے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: