Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور قلندرز میں محمد حفیظ کا متبادل سلمان بٹ

لاہور:پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے انجری کا شکار ہو کر پی ایس ایل سے باہر ہونے والے ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کی جگہ پاکستان کی قومی ٹیم کے سابق کپتان اور اوپننگ بیٹسمین  35سالہ سلمان بٹ کو شامل کر لیا۔ محمد حفیظ کا فیلڈنگ کے  دوران دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہو گیا تھا۔ ایونٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق لاہور قلندرز نے مدثر نذر کی  سربراہی میں قائم تکنیکی کمیٹی کو محمد حفیظ کی جگہ سلمان بٹ کو اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی جو منظور کر لی گئی۔ سلمان بٹ گزشتہ 3 سال سے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے عمل کا حصہ رہے ہیں اور انہیں سلور کیٹیگری میں رکھا گیا تھا۔  واضح رہے کہ سلمان بٹ پاکستان کے اس اسکواڈ کا حصہ تھے جس نے 2009 ءمیں انگلینڈ میں ہونے والا آئی سی سی  ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل جیتا تھا۔ انہوں نے 24 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس میں 595 رنز بنائے جبکہ 74 ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سلمان بٹ نے 36 رنز کی  اوسط سے 2 ہزار 278 رنز بنا رکھے ہیں۔ لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ محمد حفیظ کا  زخمی ہو کر ایونٹ سے  باہر ہونا بدقسمتی ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ سلمان بٹ جیسا کوئی سینیئر پاکستانی کھلاڑی ہی ان کی جگہ لے سکتا تھا۔ یاد رہے کہ  لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کے  رواں سیزن میں اب تک 3 میچز کھیلے ہیں۔ جن میں سے اسے ایک میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو   نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: