Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں سعودی سرمایہ کاری ایک سو بلین ڈالر تک لے جائیں گے، ولی عہد

 نئی دہلی: ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ آئندہ دو سال کے دوران انڈیا میں سعودی سرمایہ کاری کا حجم ایک سو بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔ جزیرہ عرب کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات ہزاروں سال پرانے ہیں۔ ان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہش مند ہیں۔ گزشتہ50کے دوران ہندوستانی ہنر مندوں نے مملکت کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان کئی مشترکہ مفادات اور اقدار ہیں جن کی بنیاد پر باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ہم دونوں کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہم باہمی مفادات کے حصول کے لئے تعاون کو فروغ دیں۔ ولی عہد نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہندوستان کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ معلومات سمیت تمام محاذوں پر تعاون کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ہم اپنی آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کے لئے باہمی تعاون سے کام کریںگے۔ دوسری طرف ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا کہ ولی عہد کا دورہ ہند ہمارے لئے باعث افتخار و مسرت ہے۔اس دورے نے تیز رفتار ترقی کا نیا باب کھول دیا۔میں ایک بار پھر اپنے عزیز و محترم ولی عہد کا شکریہ اداکرتا ہوں جنہوں نے ہماری دعوت کو قبول کیا۔ ولی عہد کی خصوصی دلچسپی اور رہنمائی سے دونوں ملکوں کے درمیان رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد سے تمام اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ اقتصادی ترقی کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم بھی کیا گیا۔دریں اثنائ ولی عہد کے دورہ ہند کے اختتام پر دونوں ملکوں کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیاگیا جس میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 5مختلف شعبوں میں معاہدے اور یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ شمسی توانائی، مشترکہ سرمایہ کاری، ہاؤسنگ، سیاحت اور ٹی وی چینلز کے شعبوں میں معاہدوں اور یادداشتوں پر اتفاق ہوا۔
 
 
 

شیئر: