Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ون ڈے سیریز:کیویز نے بنگال ٹائیگرز کو گھر بلا کر وائٹ واش کر دیا

ڈونیڈن:میزبان نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 88رنز سے شکست دے کر وائٹ واش فتح حاصل کرلی۔بنگلہ دیش کے 6کھلاڑیوں کو آوٹ کرنے والے ٹم ساوتھی مین آف دی میچ جبکہ سیریز میں2سنچریوں کے ساتھ 264رنز بنانےوالے کیوی اوپنر مین آف دی سیریز قرار پائے ۔سابق کپتان روس ٹیلر نے 69رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی اور اس فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ بنگلہ دیش کی جانب سے صابر رحمان نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی۔بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہینری نکولز ، روس ٹیلر اور قائم مقام کپتان وکٹ کیپر ٹام لیتھم نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور با لترتیب 64،69اور59رنز کی اننگز کھیلیں۔جمی نیشام اور گرینڈ ہوم نے 37،37رنز کا اضافہ کیا اور نیوزی لینڈ نے 6وکٹوں کے نقصا ن پر330رنز بنائے ۔مستفیض الرحمان نے 2وکٹیں لیں۔ جوابی بیٹنگ کے دوران بنگلہ دیش کا ٹاپ آرڈر ٹم ساو تھی کے سامنے پھر ناکام رہا اور2رنز پر3وکٹیں گرنے کے بعد 61رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی ۔ اس مرحلے پر محمد سیف الدین اور صابر رحمان نے 101رنز کی شراکت کے ذریعے ٹیم کو سہارا دیا ۔سیف الدین44، مہدی حسن 37 اور صابر رحمان 102بناتے ہوئے کچھ مزاحمت میں کامیاب ہوئے تاہم پوری ٹیم 43ویں اوور میں 242رنز پر آوٹ ہو گئی ۔ٹم ساوتھی نے 65رنز دے کر6جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے37رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ساوتھی اپنی عمدہ بولنگ پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنا نے والے کیوی اوپنر کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: