Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرپشن کیخلاف کارروائیوں میں کسی صوبے کو استثنی نہیں،نیب

اسلام آباد.....قومی احتساب بیورو نے بعض میڈیا رپورٹس جن میں کہاگیا کہ نیب کے ایک افسرجو سندھ سے لائے گئے ہیں اور سندھیوں کو گرفتار کررہے ہیں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ نیب ایک قومی ادارہ ہے جو آئین اور قانون کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے ملک بھرمیں اپنی کارروائیاں کررہاہے۔ اس میں کسی صوبے کواستثنیٰ حاصل نہیں ۔نیب کے افسران کاتعلق کسی جماعت، کسی فرد اور کسی گروہ سے نہیں ۔ نیب ہر قسم کی صوبائیت کی پرزورمذمت کرتا ہے۔ نیب کے افسران کی پہلی اور آخری وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ نیب کے افسران آئین اور قانون ، پوری دیانتداری ، ایمانداری ، محنت ،لگن ،شفافیت اورمیرٹ پرعمل کرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔نیب کے خلاف کسی قسم کا بے بنیاد اور من گھڑت پراپیگنڈہ دراصل نیب کی آئین اور قانون کے مطابق کارروائیوں پراثرانداز ہونے کی مذموم کوشش ہے۔ جس کی پروا کئے بغیر نیب قانون کے مطابق اپنا کام کرتارہے گا۔ نیب کراچی کی ٹیم نے آغا سراج درانی کو آمدن سے زائداثاثے کے کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا اوراحتساب عدالت اسلام آباد میں راہداری ریمانڈ کے لئے پیش کیاگیا۔ نیب نے ملزم کو کراچی منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کرلئے جلدا نہیںکراچی منتقل کیا جائے گا جہاں قانون اپناراستہ خود بنائے گا۔

شیئر: