Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق امریکی سفیر ملنے آئے تو بسکٹ کا پیکٹ رکھ دیا

کراچی ( صلاح الدین حیدر) تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے اس بات کو رد کردیا کہ وہ کنجوس ہیں ۔ نجی ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہیں کبھی شاپنگ کا شوق نہیں رہا۔ قیمتی کپڑوں یا لمبی چوڑی گاڑیوں اور قیمتی گھڑیوں کا شوق نہیں ۔ ہمیشہ سے ہی سادہ زندگی پسند ہے جب وہ کرکٹ کھیلتے تو ٹیم کے ارکان آسٹریلیا جاتے ہوئے سنگاپور میں رک جاتے تھے ۔ہر کوئی شاپنگ کرنے کےلئے بے چین ہوتا تھا یا انگلینڈ میں کھیلتے وقت شاپنگ کرتے پائے جاتے تھے ۔میں نے کبھی شاپنگ نہیں کی ۔اس کےلئے مجھے قرآن کی وہ آیات یاد ہیں جس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ صرف اتنا اپنے پاس رکھو جتنی تمہیں ضرورت ہو۔ دنیا قیمتی لباس زیب تن ، کروڑوں روپے کی قیمتی گھڑیاں پہنے اور لمبی چوڑی گاڑیوں کی شوقین ہوتی ہے۔ مجھے کسی چیز سے شغف نہیں۔ گھر میں اکیلا رہتاہوں نہ مجھے کھانے کا شوق ہے۔ ملازم جو پکاتا ہے وہ میں بھی کھا لیتا ہوں۔ ایک مرتبہ امریکی سفیر کیمرون منٹر مجھے ملنے آئے تو میں نے اپنے لوگوں سے کہا کہ کچھ چائے وغیرہ کا انتظام کرلو۔ انہوں نے سبز چائے پیش کی ۔ خیر ٹھیک تھا ۔ پھر گھر سے باہر بازار سے ایک بسکٹ کا پیکٹ آگیا۔ ویسے ہی بلا کھولے ہی اس کے سامنے رکھ دیا ۔ بیچارہ سفیر خود اسے کھولنے لگا ۔ یہ تھی میری زندگی۔ میرا تمام وقت اور پیسہ شوکت خانم اسپتال کی دیکھ بھال میں خرچ ہوتا ہے ۔ پشاور میں دوسرا اسپتال بنا چکا ہوں۔ پھر میں نے میانوالی کے دیہات میں دنیا کی اعلیٰ ترین سطح کی یونیورسٹی قائم کی ، میں اسی میں خوش ہوں۔ مجھے بہت برا لگتا ہے کہ میں تو خود اپنے پر خرچ کروں اور دوسرے جو غریب لوگ ہیں ان کے پاس پیسہ تک نہیں تو میں کیسے عیش و عشرت کی زندگی گزار سکتا ہوں ۔ بے جا اخراجات سے بچنا چاہئے۔ 
 

شیئر: