Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان نے ٹی ٹوئنٹی کا ریکارڈ اسکور 278رنز بنا کر میچ جیت لیا

دیرہ دون: افغان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئٹنی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 278 رنز بناکر نا صرف آسٹریلیا کا ریکارڈ توڑ دیا بلکہ کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کر لئے ۔ ہندوستان کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سیریز میں0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 278 رنز اسکور کئے جواب میں آئرلینڈ نے بھی 194 رنز بنائے۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے 2016 میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز اسکور کئے تھے۔ افغانستان کے اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی اور عثمان غنی نے 236 رنز کی شاندار اوپننگ شراکت قائم کی، عثمان غنی 48 گیندوں پر 73 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس میں3چھکے اور7 چوکے شامل ہیں۔ حضرت اللہ 62 گیندوں پر 162 رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے اور مین آف دی میچ رہے۔ یہ اسکور بنیادی طور پر مختصر دورانیہ کی کرکٹ میں دوسرا بڑا اسکور ہے، اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ 172 رنز بناچکے ہیں جبکہ ان کی اننگز میں 16 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے جو کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ ہے۔حضرت اللہ زازئی نے 42 گیندوں پر سنچری بنائی جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسری تیز ترین سنچری ہے جبکہ اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر بھی سب سے زیادہ اسکور بنے۔آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کیون اوبرین 37، شین گیٹ کیٹ 24 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ افغانستان کے 278 رنز کے جواب میں آئرلینڈ نے بھی 194 رنز بنائے ، اس پورے میچ میں 472 رنز بنے جو اب تک ٹی 20کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: