Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں شعیب ملک کو کپتان بنانے کا فیصلہ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں 5ون ڈے کی سیریز میں شعیب ملک کو کپتان بنا کر زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ محمد حفیظ کی عدم موجودگی کی وجہ سے عمر اکمل کو بھی موقع دیا جارہا ہے تاکہ وہ ضرورت پڑنے پر ان کا متبادل ثابت ہو سکیں۔ ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کے بعد چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ سیریز میں کپتان سرفراز احمدسمیت اکثر کھلاڑیوں کو باہر بٹھایا جائے گا جبکہ کم از کم 8 نوجوان اورنئے کھلاڑی سیریز کےلئے ٹیم کا حصہ ہوں گے ، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سلیکشن کے حوالے سے کوئی حیران کن اقدام نہیں کیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا اس حکمت عملی سے ہم 2 مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں ، ایک یہ کہ اپنے اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیتے ہوئے ممکنہ انجری مسائل سے محفوظ رکھنا اور دوسری جانب ان کھلاڑیوں کو بھی آزمانا ہے جو ٹیم کا حصہ بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاکہ ورلڈ کپ کےلئے اسکواڈ کی تشکیل میں ہماے پاس تمام آپشنز موجود ہوں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا یہ میری تجویز تھی کہ کپتان سرفرازاحمد سمیت صف اول کے کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا جائے تاکہ ہمیں میگا ایونٹ کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو اور تمام کھلاڑی 100فیصد فٹنس کے ساتھ ورلڈ کپ کا حصہ بن سکیں۔فاسٹ بولر محمد عامر کی خراب فارم اور انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ بنانے کے بارے میں سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ فی الوقت وہ اس پوزیشن میں نہیں کہ ورلڈ کپ اسکواڈ کا لازمی حصہ ہوں لیکن ان کی صلاحیتوں پر بھی مجھے کوئی شک نہیں اور ابھی ہمارے پاس وقت ہے جس کے دوران عامر فارم میں واپس آسکتے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ عامر ایسے بولر ہیں جنہیں ہماری بولنگ بیٹری کا حصہ ہونا چاہیے لیکن سب کچھ ان کی فٹنس اور فارم پر منحصر ہے اسی طرح سینیئر کھلاڑی محمد حفیظ بھی اگر بروقت فٹ ہوگئے تو وہ ہماری حکمت عملی کا حصہ ہیں لیکن ان کی عدم موجودگی میں عمر اکمل کو ان کی جگہ دی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہ میں سلیکشن کے تناظر میں حیران کن اقدامات پر یقین نہیں رکھتا اور موجودہ اسکواڈ پر مجھے پورا اعتماد ہے اور بہتر یہی ہوگا کہ زیادہ تجربات نہ کریں۔
 کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: