Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کیرم گروپ کے ایک برس مکمل ہونے پر عابدی کا اظہار تشکر

اردو نیوز سمیت کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کی سرپرستی نے ہمارے حوصلے بلند کئے،ایڈوائزروں کے ناموں کا اعلان، مارچ میں ڈبلز کیرم ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا
    جدہ ( امین انصاری )کیرم گروپ نے اپنے قیام کا ایک سال مکمل کرلیا۔ اس سلسلے میں بانی و ڈائریکٹر عابد محی الدین نے جشن کا اہتمام کیا ۔جدہ کے علاوہ مملکت کے دیگر شہروں سے کیرم کے شیدائیوں نے شرکت کی ۔ عابدی نے شرکاء کا استقبال کیااور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدہ کیرم گروپ کیلئے آج کا دن انتہائی مسرت کا ہے کیونکہ ہم نے ٹھیک ایک سال قبل جدہ میں انڈور گیم " کیرم بورڈ" کی بنیاد ڈالی تھی ۔ہماری اس کاوش کو جہاں کھلاڑیوں کا بھرپور ساتھ اور تعاون ملا وہیں کمیونٹی کی انتہائی اہم شخصیت احمد الدین اویسی اور عثمان بن یسلم بن محفوظ کی بھرپور سرپرستی میسر ہوئی ۔جب ہم نے سنگل اور ڈبل ٹورنامنٹ کا آغاز کرنا چاہا تو ہمیں جدہ کے آئیکان اعجاز احمد خان اور بزم اتحاد جدہ کے جنرل سیکریٹری یوسف الدین امجد اور معروف سعودی شہری فیض العابدین کی اسپانسرشپ نے ہمارے حوصلوں کو جلا بخشی اور ہم 3 ٹورنامنٹ بڑے پیمانے پر منانے میں کامیاب ہوئے ۔ ان ٹورنامنٹ میں ریاض ، ینبع اور حائل سے کھلاڑیوں نے شرکت کر کے کیرم سے اپنی والہانہ وابستگی کا ثبوت دیا ۔ ہمارے کھلاڑیوں اور ذمہ داران کے حوصلے اور بھی اس وقت بلند ہوئے جب سعودی عرب سے شائع ہونے والے کثیر الاشاعت جریدے اردو نیوز نے ہماری کارکردگی ، ہمارے کھلاڑیوں کی قابلیت اور کیرم کی اہمیت کو اپنے اخبار کے ذریعہ شائع کرکے ہماری عزت افزائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں جدہ کیرم گروپ نے ہندوستان اور سعودی عرب میں اپنے وجود کا لوہا منوالیا ۔کھیلنے والوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے جبکہ وسائل محدود ہیں ۔ انہو ں نے سالگرہ کے موقع پر جدہ کیرم گروپ کی بورڈ آف ایڈوائزری کاقیام عمل میں  لاتے ہوئے 5  ایڈوائزر معین بیگ ، محمدبا فنا، آصف امین ، وقاص انصاری اور فہیم کے ناموں کا اعلان کیا ۔ اس موقع پربانی و ڈائریکٹر عابدی نے " ڈبلز کیرم" ٹورنامنٹ کا اعلان کیا جس میں 24 ٹیموں کو موقع دیا  جائے گا جبکہ 10 جونیئر ٹیموں کا بھی ٹورنامنٹ منعقد کیا جائیگا۔یہ ٹورنامنٹ مارچ میں کھیلا جائے گا اور 23 مارچ کو بڑے پیمانے پر سالگرہ  کا جشن اور ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر تمام کھلاڑیوں اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور تنظیموں کے سربراہوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کا تعاون ہر دم ان کے ساتھ ہے ۔
مزید پڑھیں:- - - -پاکستان انٹرنیشنل اسکول الجبیل میں 28 واں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات

شیئر: