Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

14 ملازمتیں سعودی شہریوں کیلئے مختص، خلاف ورزی پر کارروائی کا انتباہ

ریاض۔۔۔ وزارت محنت و سماجی بہبود نے قومی حکمت عملی کے تحت 14 ملازمتوں پر غیر ملکیوں کی تقرری پر پابندی عائد کر دی۔ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی کا انتباہ بھی جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے 14ملازمتیں مقامی شہریوں کیلئے مختص کر دی ہیں۔ ان میں سے کسی ایک پر بھی غیر ملکی کو بالواسطہ یا بلاواسطہ ملازم نہیں رکھا جاسکتا۔ ایسا کرنے والے فرد اور ادارے کو مقررہ سزا دی جائیگی۔ ان میں نمایاں ترین افرادی قوت انتظامیہ کا ڈائریکٹر، ملازمین کے امور کا منیجر، تعلقات عامہ کا ڈائریکٹر اور شکایات نویس ہیں۔ عکاظ اخبار نے غیر ملکیوں کیلئے ممنوعہ 14ملازمتوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا ہے کہ افرادی قوت کے ادارے کا سربراہ، پرسنل آفس کا سیکریٹری، نجی سیکیورٹی گارڈز، پرسنل افیئرز کا ڈائریکٹر، ڈیوٹی ریکارڈ کرنے والا سیکریٹری ، مندوب، ریسپشنسٹ، ٹائپسٹ، چابیاں بنانے والا، تعلقات عامہ کا انچارج، ہوٹل استقبالیہ سیکریٹری، کسٹم کلیئرنگ ایجنٹ، ملازمین کے امور کا سیکریٹری، شکایات نویس ، ادارہ ملازمت کا سیکریٹری اور خزانچی کی جملہ ملازمتیں سعودیوں کیلئے مختص کردی گئی ہیں۔ ان میں سے کسی بھی آسامی پر غیر ملکی کی بالواسطہ یا بلاواسطہ تقرری کی اجازت نہیں۔ مذکورہ ملازمتوں میں سے کسی ایک کیلئے کسی اور عنوان سے بھی غیر ملکی کو ملازم نہیں رکھا جاسکتا۔ اس پابندی کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی۔

شیئر: