Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوگل سروسز متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات

 ایک ارب سے زائد صارفین رکھنے والی کمپنی گوگل کی امریکہ ، آسٹریلیا اور یورپ میں سروسزکئی گھنٹے معطل رہنے سے لاکھوں افراد نے رابطوں میں مشکلات کی شکایت کی ہے ۔ 
برطانوی اخبار گارجین کے مطابق کئی ممالک میں عالمی معیاری وقت کے مطابق رات دو بجے سے صبح چھ بجے تک صارفین کو جی میل، گوگل ڈرائیو، ہینگ آؤٹ اور گوگل میپ استعمال کرنے میں مشکلات کاسامنا رہا۔ 
گوگل انتظامیہ نے اپنی ویب سائیٹ پرایک بیان میں صارفین سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہم جی میل میں مسئلے کی شکایات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں ،اور اس حوالے سے جلد ہی تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔ متاثرہ صارفین کو جی میل تک رسائی تو حاصل ہے لیکن لنک اوپن کرنے کے ساتھ ہی تکنیکی خرابی سے متعلق پیغام سامنے آجاتا ہے۔ ‘
  • سوشل میڈیا پرصارفین کااحتجاج
گوگل سروسز کی بندش پرصارفین سوشل میڈیا پر اپنا احتجاج ریکارڈکراتے رہے۔آسٹریلیا میںٹویٹر پر ’جی میل ڈاؤن‘ ٹرینڈ بنا رہا۔ 
صارفین ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے کے لیے اپنا متبادل ای میل آئی ڈی شیئر کرتے رہے جبکہ کچھ صارفین کو شام تک کام نہ کرنے کا بہانہ بھی مل گیا۔ 
جیمز کولے نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’ دنیا بھر میں جی میل کی بندش پر شکرگزار ہوں جس کی وجہ سے مجھے آج دن بھر کسی کے پیغام کا جواب نہ دینے کا جواز فراہم کیا۔ ‘
گوگل انتظامیہ کے مطابق سروسز عالمی معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے پانچ بجے بحال کر دی گئیں تاہم اس کی معطلی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔ 
 خیال رہے کہ گوگل کا شمارمفت ای میل سروس فراہم کرنے کی سب سے موثرکمپنیوں میں ہوتا ہے۔جی میل کے دنیابھر میں ایک ارب صارفین ہیں۔
سروسز معطلی کے علاقوں میں صارفین کو گوگل ڈرائیو سے فائلز ڈاؤن لوڈ اور اپلوڈ کرنے ،اور ہینگ آؤٹ پر تصاویر اپ لوڈ کرنے میں بھی مسائل کا سامنا رہا۔ گوگل میپ کے صارفین کو اپنی لوکیشن کی تصویر کے بجائے بلیک سکرین دکھائی دی۔
 

شیئر: