Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی درخواستِ ضمانت سماعت کے لیے مقرر

اے وحید مراد
 
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے ۔ 
بدھ کو چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نواز شریف کی درخواست کی  19مارچ کو بنچ نمبر ایک میںسماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ 
 نواز شریف نے ضمانت کے لیے دائر اپیل کی جلد سماعت کے لیے پیرکو سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی ۔  اس سے قبل عدالت عظمی نے6 مارچ کو مقدمہ سماعت کے لیے مقرر کرنے درخواست گذشتہ ہفتے مسترد کر تے ہوئے کہا تھا کہ درخواست اپنی باری پر سنی جائے گی ۔ 
خیال رہے کہ  نواز شریف کی  العزیزیہ ریفرنس میںطبی بنیادوں پر سزا معطلی اور ضمانت کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے 25فروری کو مسترد کر دی تھی ۔
 سابق وزیراعظم نے یکم مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا ۔
پیر کو سابق وزیراعظم کی جانب سے عدالت عظمی میں  جلد سماعت کی ایک اور درخواست دائر کی گئی تھی۔ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ مہر خان ملک نے سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث کی ہدایت پر دائر کی گئی نئی درخواست میں کہا کہچھ مارچ کو سماعت کی استدعا مسترد کیے جانے کے بعد درخواست گزار کی صحت مزید بگڑ گئی ہے ۔ 
جلد سماعت کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ اس کیس میں فوری معاملہ درپیش ہے اس لیے رواں ہفتے ہی سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں جہاں ان کی صحت کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما تشویش کا اظہار کرتے رہتے ہیں ۔ 
نواز شریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے گزشتہ سال 24دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں7 سال قید کی سزا سنائی تھی ۔ العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 25 فروری کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے ۔
 

شیئر: