Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ پٹی کے متعدد ٹھکانوں پر اسرائیل کے جنگی طیاروں کی بمباری، املاک تباہ

غزہ۔۔۔ اسرائیل کے جنگی طیاروں نےغزہ پٹی کے متعدد ٹھکانوں پر بمباری کرکے فلسطینیو ں کے مکانات اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ اسرائیل نے ایف 16بمباری کیلئے استعمال کئے۔ بمباری سے جنوبی غزہ کے ”نتساریم“ میں آگ بھڑک اٹھی۔ الزیتون محلے میں ایک مقام پر 2میزائل داغے گئے جس سے نشانہ تباہ اور آس پاس واقع املاک کو نقصان پہنچا۔ خان یونس شہر میں بمباری سے بھاری نقصان پہنچا۔ کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ بمباری اور میزائل باری سے عام شہریوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی۔ بچے گھبراہٹ کے مارے رونے اور چلانے لگے۔ قابض اسرائیلی حکا م کا کہناہے کہ یہ حملہ تل ابیب پر غزہ کے میزائل حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تفصیلات کے مطابق غزہ پٹی سے اسرائیل کے مرکزی علاقے پر 2میزائل گرنے پر تل ابیب اور اس کے مضافات کے باشندوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی۔تل ابیب اور مضافات میں اسرائیل کی ایک چوتھائی آبادی بسی ہوئی ہے۔اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ دونوں میزائل ایرانی ساختہ ”فجر“کے تھے ۔یہ کھلے مقامات پر آکر گرے۔ نشانہ درست نہیں تھا۔انہیں روکا بھی نہیں گیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم القدس میں اپنے صدر دفتر سے نکل کر تل ابیب میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ وہاں اجلاس میں شریک ہوئے جس میں میزائل حملے کا دنداں شکن جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اسی دوران حماس اور الجہاد تحریکوں نے اسرائیلی حملے کے خدشے کے پیش نظر اپنے عسکری دفاتر خالی کردیئے۔

شیئر: