Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’امام الحق! بڑے پلیئرز کی عزت کرنا سیکھیں‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین  امام الحق کی پاکستانی ٹیم میں شمولیت  پر انھیں بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔  ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں عمدہ کارکردگی اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد لوگوں کی تنقید کچھ کم ہوئی مگر امام الحق نے ایک بار پھر اپنے ناقدین کو خود پر تنقید کرنے کا نیا جواز دے دیا ہے۔ 
خیال رہے کہ امام الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھتجے ہیں۔ 
اتوار کو کراچی میں کوئٹہ گلیڈیئٹرز کے خلاف فائنل میچ میں جب آسٹریلین کرکٹر شین واٹس رن آؤٹ ہوئے تو امام الحق نے ا نتہائی غصے میں  انہیں ہاتھ کے اشارے سے باہر جانے کا کہا تھا۔ 

پاکستانی کرکٹ شائقین نے جب یہ مناظر دیکھے تو سوشل میڈیا پر ’پرچی ‘ کے ہیش ٹیگ سے ٹویٹس شروع کردیں اور مہمان کھلاڑی کے ساتھ بظاہر نازیبا سلوک پر امام الحق کو خوب کھری کھری سنائیں ۔ 

واضح  رہے کہ واٹسن آسٹریلوی کرکٹ  ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اور ورلڈ کپ کے فاتح ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گذشتہ دو سال سے انہیں پی ایس ایل کے لیے  پاکستان آنے دعوت دی جارہی تھی اور انہوں نے اپنے مسلسل انکار کے بعد اس سال پی ایس ایل کھیلنے کی ہامی بھری تھی۔ 
انعام اللہ نامی صارف نے امام الحق کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کو اپنے رویے پر شرم آنی چاہیے، اپنے مہمان کے ساتھ اس طرح پیش آنا پاکستان کا کلچر نہیں، آپ کو کرکٹ کے ساتھ کچھ اخلاقیات بھی سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اپنے رویے پر معافی مانگیں۔ ‘
ایک اور صارف احسن نے لکھا کہ’ شین واٹس بین الاقوامی سطح کے مایہ ناز کھلاڑی ہیں جن کے پاس کئی سالوں کا وسیع تجربہ ہے۔ امام الحق نے ایک مغرور شکست یافتہ کھلاڑی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کو کھیل سے کوئی محبت نہیں بلکہ آپ صرف خود ستائشی میں مبتلا ہیں۔ درحقیقت آپ صرف ایک ’پرچی‘ ہیں۔ ‘

میڈی کے نام سے ایک صارف نے لکھاکہ’ اتنے امام نے ابھی دنیا میں دن نہیں گزارے جتنے واٹس کے رنز ہیں، بڑے پلیئرز کی عزت کرنا سیکھو، پرچی۔‘

مہمان کھلاڑی کی تضحیک پر سوشل میڈیا صارفین نے پی سی بی انتظامیہ سے امام الحق کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔ 
اسما کیانی نامی صارف نے لکھا کہ ’پی سی بی کو اس ’پرچی‘ کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔ بین الاقوامی کرکٹر کی تذلیل کوئی اچھی بات نہیں۔ یہ تو ان کا احسان ہے کہ وہ ہمارے ملک میں آکر کھیل رہے ہیں اورآپ ان سے اس طرح کاسلوک کررہے ہیں،شرم کریں!‘
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جارہی ہے جس میں میچ کے دوران سٹیڈیم میں امام الحق کے خلاف ’پرچی،پرچی‘ کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔ 
اس حوالے سے تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ یا امام الحق کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا اور نہ ہی شین واٹسن نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
 

شیئر: