Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حریف کھلاڑی بھی میسی کے نعرے لگانے پر مجبور

سیویلا،فلہم:ہسپانوی کلب بارسلونا کے ارجنٹائنی سپر اسٹار لیونل میسی نے اپنے شاندار کھیل سے حریف تماشائیوں کو بھی اپنے حق میں نعرے لگانے پر مجبور کردیا ۔ لا لیگا میچ کے دوران حریف ٹیم رئیل بیٹس کے خلاف اس کے ہوم گراونڈ پرہیٹ ٹرک کرتے ہوئے بارسلونا کو1-4سے فتح دلا دی۔ اس کامیابی سے بارسلونا لیگ ٹیبل پر اپنی پوزیشن بھی مزید مستحکم کرنے میں کامیاب رہی۔ٹیم کو شکست کی جانب جاتے دیکھنے کے باوجود رئیل بیٹس کا اسٹیڈیم اس کے حامی تماشائیوں کی جانب سے”میسی میسی“کے نعروں سے گونجتا رہا۔میسی نے پہلا گول فری کک پر کیا جو اب ان کےلئے پنالٹی کک کی طرح تقریباً یقینی گول کا ذریعہ بن چکی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے سواریز کے پاس پر دوسرا گول کیا اور پھرایک فیلڈ گول کرتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک اور ٹیم کی کامیابی پر مہر ثبت کردی ۔ اس دوران لوئس سواریز بھی ایک گول کر چکے تھے۔ عمدہ ڈربلنگ سے انہوں نے 3حریف کھلاڑیوں کو اس طرح چکمہ دیا کہ وہ زمیںبوس ہو گئے ۔ لیگ ٹیبل پر بارسلونا پہلی پوزیشن کے ساتھ قریبی حریف ایٹلیٹکو میڈرڈ سے 10پوائنٹس آگے پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب انگلش کلب لیور پول نے فلہم کو شکست دے کر ایک مرتبہ پھر انگلش پریمیئر لیگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔کھیل کے 74ویں منٹ میں فلہم نے میچ برابر کر لیا تھا اور یوں محسوس ہو رہا تھا کہ لیور پول پھر برابر کھیل کر2قیمتی پوائنٹس سے محروم ہو جائے گی لیکن میچ کے اختتام سے چند منٹ پہلے جیمز ملنر نے پنالٹی کک پر گول کرکے میچ فیصلہ کن بنا دیا۔اس گول نے لیور پول کو3پوائنٹس دلا دیئے اور مانچسٹر سٹی پوائنٹس ٹیبل پر اب اس سے پیچھے ہو گئی ہے ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: