Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہشت گرد بے نام رہے گا،وزیر اعظم نیوزی لینڈ

آکلینڈ ...نیو زی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں سانحہ کرئسٹ چرچ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ حملہ آور کو روکنے کے دوران اپنی جان قربان کرکے جرات اور بہادری کی مثال بننے والے شہید پاکستانی نعیم راشد کو وزیراعظم نیوزی لینڈ نے خراج عقیدت پیش کیا ۔ اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے متاثرین کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے پارلیمنٹ کے خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنی تقریر کا آغاز السلام وعلیکم سے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر دہشتگردی کا واقعہ دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گرد کا نام لینا بھی پسند نہیں کروں گی ۔ آپ لوگ کبھی مجھ سے اس کا نام بھی نہیں سنیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک دہشت گرد ہے، ایک مجرم ہے اور وہ ایک انتہا پسند ہے لیکن وہ بے نام ونشان رہے گا۔ہمیں ان لوگوں کا نام لینا چاہئیے جنہوں نے اپنی جان گنوا دی بجائے۔ اس کے کہ اس کا نام لیا جائے ،جس نے جان لی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ میں اسے کچھ بھی نہیں دیں گے ، یہاں تک کہ نام بھی نہیں۔حملہ آور آسٹریلیا میں پلا بڑھا ۔نیوزی لینڈ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مساجد پر حملوں میں مرنے والوں کا تعلق اس مذہب سے تھا جو کشادہ دل کےساتھ سب کا استقبال کرتے ہیں،جیسے 71 سالہ مسلمان نے دہشت گرد کو نہ جانتے ہوئے مسجد کا دروازہ کھولا اور اسے خوش آمدید کہا ۔اسی طرح نیوزی لینڈ تمام امن پسندوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جمعہ کی نماز پڑھیں گے، ہم حفاظت اور ان کےساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کروائی کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور دہشت گرد کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔
 

شیئر: