Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے 86ارب ریال کے 4منصوبوں کا افتتاح کردیا

ریاض ۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کو ریاض میں 86ارب ریال لاگت کے 4منصوبے جاری کردیئے۔ انہوں نے  ملک خالد روڈ اور جنادریہ روڈ کو جوڑنے والی اسپورٹس لائن کو طریق امیر محمد بن سلمان کا نام دینے کی ہدایت  جاری کردی۔  یہ روڈ ریاض کی انتہائی اہم شاہراہ ہوگی۔ 30کلو میٹر طویل ہوگی۔  یہاں پیدل چلنے والوں ، سائیکل سواروں ، گھڑ سواروں کیلئے الگ الگ راستے ہونگے۔ 4منصوبوں میں شاہ سلمان عظیم الشان پارک ، گرین ریاض اسپورٹس لین اور ریاض آرٹ شامل ہیں۔ اس موقع پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین شریفین کو چاروں منصوبوں کی تفصیلات  سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریاض میں نئے سبزہ زاروں کی بدولت ہر شہری کے حق میں 16گنا اضافہ ہوجائیگا۔ یہاں دنیاکا سب سے بڑا پارک قائم ہوگا۔ریاض کے ایک، ایک گوشے میں 75لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے۔ متعدد عجائب گھر، شو روم ، سینما ہال، اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی۔ ریاض شہر کو سعودی اوربین الاقوامی فنکاروں کی تخلیقات کے ذریعے کھلے فن پاروں کے عجائب گھر میں تبدیل کردیا جائیگا۔ایک ہزار  فن پارے شہر بھر میں سجائے جائیں گے۔ مقامی شہریوں کو مختلف قسم کی ورزشوں کی ترغیب دی جائیگی۔ زندگی کے حوالے  سے صحت بخش طورطریقے اپنانے کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔ مشرقی ریاض کو مغربی ریاض سے 135کلو میٹر طویل اسپورٹس لین کے ذریعے جوڑا جائیگا۔ یہ چاروں منصوبے سعودی وژن 2030کے اہداف کی تکمیل کیلئے روبعمل لائے جائیں گے۔ ان کی بدولت مختلف شعبوں میں سعودی شہریوں کو 70ہزار ملازمتیں ملیں گی۔ سعودی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہاتھ آئیں گے۔ 50ارب ریال کے منصوبے شروع کرنے کے مواقع ہونگے۔ ان منصوبوں میں مکانات، ہوٹل، لائبریریاں، اسکول، کالج، صحت ادارے، اسپورٹس اسکیمیں ، تفریحی پروگرام اور تجارتی سرگرمیاں شامل ہونگی۔ شاہ سلمان پارک 13.4مربع کلومیٹر پر قائم کیا جائیگا۔ اس کے لئے قدیم ریاض ایئرپورٹ کی جگہ مختص کردی گئی ہے۔
 

شیئر: