Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں پہلی بار گلوبل زلمی لیگ کا انعقاد

احمد نور، اسلام آباد
 
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے رنگا رنگ میلے کے بعد اب کرکٹ شائقین کے لیے پاکستان میں پہلی مرتبہ ایک اور کرکٹ ایونٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
پی ایس ایل 2019میں رنر اپ رہنے والی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے چین سمیت16 ممالک کی کرکٹ ٹیموںپر مشتمل گلوبل زلمی لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 21 مارچ سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہوگا جو 31 مارچ تک جاری رہے گا۔
 پشاور زلمی کے میڈیا ترجمان غفار خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ گلوبل زلمی لیگ کے تمام مقابلے اسلام آباد کے دو کرکٹ گرائونڈز میں ہوں گے جن میں جناح سپر مارکیٹF7 کے سامنے واقع ایم سی آئی کرکٹ سٹیڈیم اور بھٹو کرکٹ سٹیڈیم G7 شامل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یو اے ای میں گلوبل زلمی لیگ کی دو کامیاب ایڈیشنز کے بعد پہلی مرتبہ یہ ایونٹ پاکستان میںہونے جا رہا ہے جو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔

غفار خان نے مزید بتایاکہ ان میچز کو دیکھنے کے لئے کوئی ٹکٹ مقرر نہیں کی گئی اور تمام شہریوں کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ تعداد میں میچ دیکھنے کے لئے آئیں تاکہ غیرملکی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
اس کے علاو ہ تمام میچز یو ٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر براہ راست آن لائن بھی دیکھے جا سکیں گے۔
ایونٹ کا پہلا میچ21 مارچ کو ایم سی آئی کرکٹ سٹیڈیم میںصبح نو بجے ہوگا جس میں سعودی عرب کی ٹیم الریاض زلمی اور چینی ٹیم شائوشنگ زلمی مدمقابل ہوں گی۔
ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل28 مارچ ، سیمی فائنل 30 مارچ اور ٹورنا منٹ کا فائنل 31 مارچ کو کھیلا جائے گا تاہم، ان مقابلوں کے لیے ابھی جگہ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
 گلوبل زلمی لیگ میں الریاض زلمی، شاوژنگ زلمی، انچیون زلمی، وینکوور زلمی، ویانا زلمی، بون زلمی، کابل زلمی، پیرس زلمی، وکٹوریہ زلمی، مانامہ زلمی، اسٹیٹس زلمی، جوہانسبرگ زلمی، لندن زلمی، دبئی زلمی اور گلاسگو زلمی کی ٹیمیں شریک ہوگی۔
 ایونٹ کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والی گلوبل زلمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا جو دنیا بھر کے کلبز کے ساتھ میچز کے لیے دورے کرے گی۔
 

شیئر: