Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہاولپور:کالج میں پروفیسر قتل ، طالب علم گرفتار

اے وحید مراد
 
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں پولیس کے مطابق ایک طالب علم نے اپنے پروفیسر کو بحث کے بعد چھریوں کے وار کر کے قتل کیا ہے ۔ 
پہاولپور میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائنز  میں  مقدمہ درج کر دیا ہے ۔ 
بدھ کی صبح پیش  آنے والے اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایس ای کالج بہاولپور کے طلبہ سے منسوب ایک خط بھی گردش کر رہا ہے جس میں ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کالج میں 21مارچ کو ہونے والے پروگرام کے انعقاد کو روکیں کیونکہ مبینہ خط کے لکھنے والے کے مطابق ’یہ تقریب اسلامی شعائر کے خلاف ہے۔‘
بتایاگیا ہے کہ ایس ای کالج بہاولپور کے شعبہ انگریزی میں 21مارچ کو نئے سمسٹر میں آنے والے طلبہ کے استقبالیہ پروگرام کے انعقاد پر مقتول پروفیسر اور ملزم طالب علم کے درمیان تکرار ہوئی تھی تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملہ کی جانچ پڑتال کر رہے ہیں۔ 
مقدمے کے تفتیشی افسر محمد اختر نے اردو نیوز کو بتایا کہ قتل کا مقدمہ مقتول پروفیسر خالد حمید کے بیٹے ولید خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے ۔ 
پولیس کے مطابق ملزم خطیب حسین بی ایس انگلش کا طالب علم ہے ۔ 
بہاولپور پولیس کے ترجمان عمر سلیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’طلبہ کی جانب سے لکھے گئے خط کا ان کو اب علم ہوا ہے مگر یہ پولیس تک نہیں پہنچا تھا۔‘
پولیس ترجمان کے مطابق پروفیسر کے قتل کے بعد ڈی پی او امیر تیمور خان خود جائے وقوعہ پر گئے اور ہسپتال بھی پہنچے ۔ 
انہوں نے بتایا کہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی اور اس کے لیے ڈی ایس پی سٹی محمد صفدر کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ 
 

شیئر: