Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تل ابیب پر راکٹ حملے کے بعد نیتن یاہو کا دورہ امریکہ مختصر

اسرائیل کے شہر تل ابیب پر راکٹ حملے کے بعد  وزیراعظم بن یامین نتن یاہو امریکہ کا دورہ مختصر کر کے ملک واپس جا رہے ہیں۔
پیر کی صبح غزہ سے ہونے والے راکٹ حملے میں 5 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے تھے جس کے فوراًً بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکہ کا دورہ مختصر کر کہ واپس آنے کا اعلان کیا۔ 

اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے  کہا کہ اسرائیل کی دفاعی صورتحال کے تناظر میں انہوں نے دورہ امریکہ مختصر کر کہ واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے فوراًً بعد اسرائیل کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔
 اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ غزہ سے ہونے والے راکٹ حملے پر اسرائیل کی جانب سے سخت ردعمل دیا  جائے گا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق راکٹ فلسطین کے اس حصے سے داغا گیا جو فلسطینی مسلح گروہ حماس کے زیرانتظام  ہے۔ جس کے بعد حماس اور اسرائیل کے مابین کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ 
پولیس کے مطابق یہ راکٹ شمالی تل ابیب میں مشمیرت کے علاقے میں واقع ایک گھر پر گرا جس میں پانچ اسرائیلی شہری زخمی ہوئے۔ طبی عملے نے بتایا کہ ایک شہری جس کو درمیانی نوعیت کے  زخم آئے ہیں کاعلاج جاری ہے جبکہ باقی 4 شہریوں کو معمولی زخم آئے ہیں۔
مشمیرت کا علاقہ غزہ سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔اس واقعے پر اسرائیل کی جانب سے ردعمل اور آئندہ ہفتوں میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ 
تجزیہ کاروں کے خیال میں اسرائیل میں9 اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کے تناظر میں نتن یاہو احتیاط برتیںگے اور ممکن ہے کہ غزہ کے ساتھ ایک اور جنگ لڑنے سے گریز کریں، جو 2008 سے اب تک چوتھی جنگ ہوگی۔
آئندہ انتخابات میں وزیراعظم نیتن یاہو کواعتدال پسند سیاسی اتحاد کے رہنما بینی گنتس کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا ہے جوماضی میں اسرائیلی فوج کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: