Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار کی حالت خطرے سے باہر

کراچی..ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمااور سندھ اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف خواجہ اظہارالحسن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ گورنر اور وزیر اعلی سندھ نے ایم کیو ایم کے رہنما کی عیادت کی ۔واضح رہے کہ خواجہ اظہار الحسن کی گاڑی کو اتوارکی صبح 3 بجے کراچی ٹول پلازہ کے قریب حادثہ پیش آیا۔ خواجہ اظہارالحسن کو سر، کمر اورسینے میں چوٹیں آئی ہیں۔ ان کے 3 گارڈز بھی زخمی ہوئے ۔
ایم کیوایم کے رہنما عامرخان نے بتایاکہ خواجہ اظہار وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعدگھوٹکی سے واپس آرہے تھے کہ حادثہ پیش آگیا۔عامر خان کے مطابق زخمی محافظوں میں ہیڈ کانسٹیبل شیخ منصور، کانسٹیبل حسن صدام اورمحمد سلطان شامل ہیں ۔ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال میں خواجہ اظہارالحسن کے ایکسرے ،سٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کئے گئے ۔ان کے سر پر چوٹ آئی ہے لیکن خطرے کی کوئی بات نہیں وہ ہوش میں ہیں اور بات چیت بھی کررہے ہیں ۔ جس وقت ایم کیوایم رہنما کی گاڑی کو ٹول پلازہ کے پاس حادثہ پیش آیا ۔ پیچھے آنے والے محافظوں کی گاڑی بھی ان کی گاڑی سے ٹکراگئی۔
ایم کیوایم رہنما خواجہ اظہارالحسن کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے تصدیق کی کہ خواجہ اظہارکی حالت خطرے سے باہرہے۔خواجہ اظہار کے سر کاآپریشن ہوا ہے اور وہ غنودگی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر موڑ کا نشان نہ ہونے سے خطرناک حادثہ پیش آیا۔ این ایچ اے کے وزیر اور بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض سے بھی بات کریں گے کہ اس مقام پر موڑ کا نشان اورلائٹس لگائی جائیں۔

شیئر: