Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی شرکت مشکوک

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈکپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے مقابلوں کا اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستان نے کمبوڈیا کے خلاف کھیلنا ہے تاہم پاکستان فٹبال فیڈریشن کے تنازعے کے باعث ان مقابلوں میں گرین شرٹس کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
پاکستان میں اگرچہ سپریم کورٹ کی زیرنگرانی فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کا انعقاد ہو چکا ہے تاہم فیفا اور ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے تاحال ان انتخابات کو تسلیم نہیں کیا۔
فیفا اور اے ایف سی کی قبولیت کے بغیرپاکستان فٹ بال ٹیم کسی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکتی۔ اس تناظر میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان اور ورلڈکپ سے قبل تربیتی مراحل کے متعلق سبھی کچھ ابہام کا شکار ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایت پر اوراسی کی نگرانی میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے الیکشن دسمبر 2018 میں منعقد ہوئے تھے۔ 15 برس تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کی صدارت پر فائز رہنے والے مخدوم سید فیصل صالح حیات کا گروپ ان انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا۔
عدالتی نگرانی میں ہونے والے انتخابات میں اشفاق حسین شاہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ جنوری 2019 میں اے ایف سی نے نئی منتخب باڈی کے مستبقل پر یہ کہہ کر سوالیہ نشان لگا دیا کہ ان انتخابات میں بیرونی مداخلت ہوئی ہے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے نومنتخب عہدے داران میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر بھی شامل ہیں جن کے پاس نائب صدر کا عہدہ ہے۔ موجودہ تنظیم کو پاکستان سپورٹس بورڈ کی حمایت بھی حاصل ہے۔
منگل کو فیفا نے ورلڈ کپ کوالیفائر کے ڈراز کا اعلان کیا تو قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور کلب فٹبال کھیلنے کے لیے بیرون ملک موجود کلیم اللہ نے قومی ٹیم کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فیڈریشن اس وقت لاپتا ہے۔
 
اردو نیوز نے معاملہ کی حقیقت جاننے کے لیے پاکستان فٹبال فیڈریشن سے رابطہ کیا تو تنظیم کے ایک مرکزی عہدے دار کا کہنا تھا کہ وہ فیفا کی جانب سے میچوں کے اعلان سے آگاہ ہیں۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر اشفاق حسین شاہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ فیڈریشن کا تنازعہ حل کرنے کے لیے فیفا اور اے ایف سی کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے 28 اپریل کو پاکستان آنا تھا۔ اشفاق حسین نے دعوی کیا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر اور اے ایف سی کے نائب فیصل صالح حیات کی مخالفت کے سبب یہ دورہ ایک ماہ کے لیے ملتوی ہو گیا ہے۔ فیفا کی تحقیقاتی ٹیم اب 28 مئی کو پاکستان پہنچے گی۔
اشفاق حسین شاہ کے مطابق اپریل میں فیفا کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے دورے کی صورت میں حقائق واضح ہو جانا تھے جس کے بعد ہم قومی ٹیم کا اعلان کر سکتے تھے لیکن ایک ماہ کی تاخیر کے باعث اب یہ ممکن نہیں کہ کوالیفائنگ میچ سے چند روز قبل ٹیم کا اعلان کیا جائے۔
ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان نے کمبوڈیا کے خلاف 6 سے 11 جون کے درمیان ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر میچز کھیلنا ہیں۔ اشفاق حسین شاہ کا کہنا ہے کہ فیفا کی ٹیم تبدیل شدہ پروگرام کے تحت 28 مئی کو پاکستان پہنچتی ہے تو اسے تنازعہ کے حل کے لیے مزید وقت درکار ہو گا۔ تاریخوں کا یہ فرق واضح کرتا ہے کہ پاکستانی ٹیم کوالیفائنگ مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکے گی۔
کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کی عدم شرکت کی صورت میں مدمقابل ٹیم کو واک اوور دے دیا جائے گا۔
 

شیئر: