Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ایرانی ایٹمی پلانٹ فورڈو پر امریکی پابندی کا خیر مقدم‘

سعودی عرب کو ایران کے ایٹمی پروگرام پر بیحد تشویش ہے۔ فوٹو عاجل
سعودی عرب نے ایران کے فورڈوایٹمی پلانٹ پر پابندیاں بحال کرنے کے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
 سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے (واس) کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ امریکہ نے 15دسمبر 2019ء سے ایرانی ایٹمی پلانٹ فورڈو پر پابندی بحال کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ قابل قدر ہے۔ اب تک اس پلانٹ کو امریکی پابندیوں سے استثنیٰ حاصل  تھا۔ 

ایران کی ایٹمی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کو سبوتاژ کررہی ہیں۔ فوٹو سبق

سعودی عرب نے اعلامیہ جاری کرکے توجہ دلائی ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام بڑا تسلی بخش ہے۔ اس کی بدولت ایٹمی پروگرام سے متعلق خلاف ورزیوں کا سدباب ہوسکے گا۔سعودی عرب کو ایران کے ایٹمی پروگرام پر بیحد تشویش ہے۔
عاجل اور سبق ویب سائٹس کے مطابق سعودی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے توجہ دلائی ہے کہ امریکہ کی یہ پابندی بے حد اہم ہے۔ اس نے ایران کے اس ایٹمی پلانٹ سے متعلق سعودی عرب کی تشویش کو بجا اور برحق ثابت کردیا ہے۔سعودی عرب اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ اگر ایران ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کرے تو ایسی صورت میں اس پر پابندیاں ہنگامی طور پر بحال کردی جائیں۔
سعودی عہدیدار نے اس امر پر زور دیا ہے کہ عالمی برادری کو بھی ایٹمی پلانٹ سے متعلق ایران کی خلاف ورزیوں پر ٹھوس موقف اختیار کرنا ہوگا۔ ایران کی ایٹمی خلاف ورزیاں عالمی امن و سلامتی کو سبوتاژ کررہی ہیں۔

یہ اسٹیشن 2006ء میں خفیہ طریقے سے قائم کیا گیا تھا۔ فائل فوٹو

ایرانی ایٹمی پلانٹ فورڈو جسے فارسی میں فردو کہا جاتا ہے یہ ایران کے قم صوبے میں واقع  ایک قریہ ہے۔ یہ قم شہر سے 47کلو میٹر جنوب میں واقع ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ایران اور عراق کے درمیان ستمبر1980ء سے لے کر اگست 1988ء تک ہونے والی 8سالہ جنگ میں سب سے  زیادہ ہلاک ہونے والے  جنگجوؤں کا تعلق اسی قریے سے تھا۔
ستمبر 2009ء میں یہ بات منظر عام پر آئی کہ ایران فورڈو قریہ کے قریب یورینیئم کی افزودگی کا ایک اور اسٹیشن قائم کئے ہوئے ہے جسے تہران کے جنوبی پہاڑوں میں چٹانیں تراش کر بنایا گیا ہے۔ یہ اسٹیشن 2006ء میں خفیہ طریقے سے قائم کیا گیا تھا۔ یہ ٹھوس چٹانوں والے پہاڑ کے نیچے 80میٹر کی گہرائی میں بنا ہوا ہے۔
                            
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: