Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کے دوران ٹرین نہیں چلے گی

فیصلہ حاجیوں کی تعداد محدود ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے-(فوٹو اے ایف پی)
 سعودی وزارت برائے نقل و حمل نے کہا ہے کہ اس سال حج موسم کے دوران حرمین ٹرین نہیں چلے گی اور نہ ہی مشاعر مقدسہ ٹرین سروس مہیا ہوگی۔ یہ فیصلہ حاجیوں کی تعداد بے حد محدود ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے- ٹرین نہ چلانے کا فیصلہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حفاظتی تدابیر کا حصہ ہے۔
الیوم اخبار کے مطابق وزارت نقل و حمل میں جنرل مینجمنٹ کے انچارج یاسر المسفر نے بتایا کہ ’وزارت نے اس سال حج موسم کے دوران ٹرانسپورٹ لائسنس کے اجرا کی حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ اس پر عمل درآمد وزارت حج وعمرہ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کیا جائے گا۔‘

ٹرانسپورٹ لائسنس کے اجرا کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)

وزارت نقل و حمل نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور لوگوں کو وائرس سے بچانے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کے تحت ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کا آپریشنل پلان ترتیب دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال تمام عازمین کا تعلق اندرون ملک سے ہوگا، 70 فیصد غیرملکی اور 30 فیصد سعودی حج کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔

اس سال تمام عازمین کا تعلق اندرون ملک سے ہوگا- (فوٹو ایس پی اے)

سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے جدہ، طائف ہوائی اڈوں سے پروازوں کے ذریعے عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ اس حوالے سے ہوائی جہازوں اور ہوائی  اڈوں کو سینیٹائز کیا جائے گا۔ ہوائی اڈوں پر مختلف زبانوں میں آگہی چارٹ چسپاں کیے جائیں گے۔
 ہوائی جہازوں کی نشستوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے گا۔ ریزرویشن اور ادائیگی آن لائن ہوگی جبکہ ٹکٹوں کی چیکنگ مشینی ذریعے سے ہو گی۔
مسافروں اور عملے کا درجہ حرارت جدید ترین مشینوں سے چیک کیا جائے گا اور حاجیوں کو حفاظتی ماسک اور دستانوں کے استعمال کا پابند بنایا جائے گا۔

شیئر: