Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجران اور مکہ ریجن کے کئی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں

اللیث سے جازان تک پورا مغربی ساحل گردو غبار کی لپیٹ میں رہا- (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں جمعے کو نجران اور مکہ مکرمہ  ریجن کے نشیبی مقامات پر گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی جبکہ اللیث سے لے کر جازان تک پورا مغربی ساحل گردو غبار کی لپیٹ میں رہا-
کہیں کہیں مطلع ابر آلود رہا- جازان اور عسیر کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بحیرہ احمر میں شمال مغربی سے شمال کی جانب تیز ہوائیں چلتی رہیں۔ ان کی فی گھنٹہ رفتار  42 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سمندر میں دو میٹر تک اونچی لہریں اٹھتی رہیں۔

مشرقی ریجن اور ریاض میں درجہ حرارت زیادہ رہا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

خلیج عرب میں مشرق سے جنوب مشرق کی جانب ہواؤں کی رفتار 35 کلو میٹر تک رہی تاہم سمندر میں لہریں ڈیڑھ میٹر سے اونچی نہیں گئیں۔
مملکت بھر میں جمعے کو مشرقی ریجن اور ریاض میں دیگر علاقوں کی نسبت درجہ حرارت زیادہ رہا ہے۔
نجران ریجن میں شام چھ بجے تک موسم غیرمستحکم رہا۔ گردآلود ہواؤں کی وجہ سے الشرورہ کے شہری پریشانی سے دوچار ہوئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق جازان ریجن کی گیارہ کمشنریوں میں جمعے کو شام سات بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی رہی۔ اس سے قبل گرد آلود ہوائیں چل رہی تھیں۔
مدینہ منورہ ریجن میں گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہوگئی۔ نو کمشنریوں میں شام چھ بجے تک موسم غیرمستحکم رہا۔

شیئر: