Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کیسز کی تعداد دگنی لیکن پھیلاؤ کو روکنا اب بھی ممکن‘

 انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں(فوٹو اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گبریوسس نے کہا ہے کہ اگرچہ دنیا میں پچھلے چھ ہفتوں میں کیسز کی تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہوچکی ہے لیکن کورونا وائرس  کے پھیلاو کو روکنا اب بھی ممکن ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے دنیا کے مما لک کو جارحانہ اپروچ اختیار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ’ اٹلی ، سپین ، جنوبی کوریا اور انڈیا کی سب بڑی کچی آبادی کی مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاو کو روکنا ممکن تھا۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ وبا کی صورتحال کتنی ہی خراب کیوں نہ ہو‘۔
 ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک اس وبا سے پانچ لاکھ 56 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ  میں متاثرین کی تعداد 31 لاکھ  ہے جبکہ اب تک ایک لاکھ 33 ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں برازیل امریکہ کے بعد سب سے زیادہ  متاثر ہوا ہے جہاں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 17 لاکھ 55 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 69 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق انڈیا کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والا تیسرا ملک ہے۔
 انڈیا میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار506 ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جو اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہیں۔
مرکزی وزارت برائے صحت کی جانب سے جمعے کوجاری اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد سات لاکھ 93 ہزار 802 ہو گئی ہے۔ جمعرات کوایک دن میں24 ہزار879 کیسز سامنے آ ئےتھے۔
کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 19 ہزار 135 مریض صحت یاب ہوئے ہیں مجموعی طور پر چار لاکھ 95 ہزار513 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

انڈیا میں اس وقت دو لاکھ 76 ہزار 685 ایکٹو کیسز ہیں(فوٹو اے ایف پی)

انڈیا میں اس وقت کورونا کے دو لاکھ 76 ہزار 685 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہے۔
روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں اس وبا سے سات لاکھ بارہ ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار ہے۔
لاطینی امریکہ کے ممالک پیرو اور چلی میں بھی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور پیرو میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد تین لاکھ 16 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور چلی میں وبا سے اب تک تین لاکھ نو ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
 ادھر برطانیہ جہاں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کسی بھی یورپی ریاست میں سب سے زیا دہ ہے نے یورپی یونین کے وسیع ویکسین پروگرام میں شامل ہونے کے موقع کو مسترد کردیا ہے۔
 اے ایف پی کے مطابق برسلز میں برطانیہ کے سفیر سر ٹم بیرو نے ایک خط میں کہا ہے کہ’ لندن اس پروگرام میں دستخط نہیں کرے گا کیونکہ اسے اہم ایشوز پر خدشات ہیں‘۔
یورپی یونین کے پروگرام کا مقصد 27 ممبر ممالک کی جانب سے انفرادی طور پر ویکسین پروڈیوسروں کے ساتھ معاہدے کرنا ہے۔

شیئر: