Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ میں جماعت دہم کیلئے الوداعی تقریب

 
 امتحانات کے موضوع پر خوبصورت خاکہ ، کرکٹ میچ کا بھی انعقاد،طلبہ محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنائیں، اسکول پرنسپل کا خطاب
 
جاوید اقبال ۔ ریاض
 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے سینیئر بوائز ونگ میں جماعت نہم کے طلبہ نے جماعت دہم کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ انچارج پروفیسر انوار الحق تھے ۔ صدارت وائس پرنسپل پروفیسر گوہر رفیق نے کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر انور اعوان تھے جو اگلے ماہ ریٹائر ہورہے ہیں۔ پروفیسر طاہر رضا عابد پرنسپل اور پروفیسر سعادت اللہ خان ونگ انچارج سینیئر بوائز ونگ ٹو نے بطور مہمانان خاص پروگرام میں شرکت کی۔ نظامت اسکول کے استاد عظمت اللہ بھٹہ کی تھی۔ جماعت دہم کے طالب علم شارف کی تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا ۔ معاذ رحمت نے حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ جماعت نہم کے احمد باجوہ نے ادارے کو الوداع کہنے والے جماعت دہم کے طلبہ کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے ساتھ گزرے وقت کو گراں مایہ قرار دیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت نہم کے طلبہ نے اپنے ان سینیئر ساتھیوں سے بہت کچھ سیکھا تھا۔ احمد باجوہ نے الوداع کہنے والے طلبہ کے خوشگوار مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انکی کامیابی کیلئے دعا کی۔ جوابی خطاب میں جماعت دہم کے طالب علم ولید خالد نے تقریب کے انعقاد پر اپنے جونیئر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ مدرسے کے در و دیوار اب ان کے حوالے ہیں اور یہ کہ ادارے کا احترام ہر حال میں مقدم سمجھا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ جماعت دہم کے طلبہ کو ہمیشہ یاد رہیگا اور انکی کوشش ہوگی کہ اس کا نام سربلند رکھیں۔ جماعت دہم کے طالب علم عبدالواحد نے پاکستان سپر لیگ کا نغمہ گا کر خوب داد حاصل کی۔ نہم کے بلال عابد اور دہم کے بلال احمد نے مزاحیہ انداز میں تقاریر کرکے ماحول میں قہقہے بکھیر دیئے ۔ رضوان نصر اللہ، ابو بکر کمال، سعد رضوان اور ساتھیوں نے امتحانات کے موضوع پر خوبصورت خاکہ پیش کیا جسے بیحد پسند کیا گیا۔ جماعت دہم کے مثنی احمد نے گانا گا کر خوب داد حاصل کی۔ مہمان خصوصی پروفیسر انور اعوان نے مدعو کئے جانے پر اظہار تشکر کیا ادارے اور پروگرام انچارج کا خصوصاً شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا معاشرے میں خرافات پھیلا رہا ہے مگر وہ اس نصیحت کو پلے باندھ لیں کہ باادب با مراد ، بے ادب بے مراد، اپنے بزرگوں کا احترام کریں ۔ اساتذہ کی نصائح پر عمل کریں اور محنت کو اپنا شعار بنائیں۔ کامیابیاں مقدر بنیں گی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر گوہر رفیق نے جماعت نہم کے طلبہ کا تقریب کے انعقاد پر اور جماعت دہم کے طلبہ کا اس میں اپنی حاضری یقینی بنانے پر شکریہ ادا کیا او رانہیں بھرپور محنت کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے دہم کے طلباءپر واضح کیا کہ انکی اعلیٰ تعلیم کیلئے ادارے کے دروازے ہمیشہ ان پر کھلے رہیں گے اور یہ کہ اس پر پہلا حق انہی کا ہے۔ انہوں نے طلباء پر واضح کیا کہ اپنے پسندیدہ شعبے میں داخلہ لینے کیلئے انہیں اچھے نتائج حاصل کرنا ہونگے۔ 
پروفیسر سعادت اللہ نے بھی اپنے خطاب میں الوداع کہنے والے طلبہ کو اہم نصیحتوں سے نوازا۔ پرنسپل پروفیسر طاہر رضا عابد نے ا پنے خطاب میں طلبہ کو تعلیمی سال کے دوران مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں تلقین کی کہ اپنی آئندہ کی زندگی میں محنت و دیانت کو اپنا شعار بنائے رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ثانوی بورڈ کے امتحانات زندگی کے اہم موڑ ہوتے ہیں جن کے نتائج مستقبل کی راہیں متعین کرتے ہیں۔ اسکول نے امتحانات سے قبل کے ایام میں بھی امتحانات میں بیٹھنے والے طلبہ کی مدد کا تہیہ کررکھا ہے چنانچہ ریمیڈیل کلاسوں کا فوری اجراءکیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی اساتذہ انکی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت موجود ہوں گے۔ پروگرام کا اختتام پاکستان کے قومی ترانے پر ہوا۔ تقریب کے علاوہ نہم اور دہم کے طلباءکے درمیان ایک کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ چوکوں اور چھکوں کی بارش نے اس دن کو ناقابل فراموش بنادیا۔
٭٭٭٭٭٭

شیئر: