Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہملٹن ٹیسٹ ،کین ولیمسن کی ناقابل شکست سنچری

ہملٹن... نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن 148 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف کیریئر کی 17 ویں سنچری مکمل کی بلکہ ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف 7 رنز کی برتری بھی دلا دی۔ نیوزی لینڈ کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں ۔ جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 314 رنز اسکور کئے تھے۔ نیوزی لینڈ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنانے میں کامیاب ہوچکا ہے۔ ولیمسن اور مچل سینٹنر وکٹ پر موجود ہیں۔ سینٹنر نے 13 رنز اسکور کئے ہیں۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کے اسکور 67 رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا ۔ ٹام لیتھم 42 اور جیت راول 25 رنز کے ساتھ کھیلنے آئے۔ دونوں اوپنر ز نے 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیتھم نصف سنچری مکمل کرکے مورنی مورکل کی گیند پر کوئنٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ انہوں نے 103 گیندیں کھیلیں اور 10 چوکے لگائے۔ جیت راول نے کین ولیمسن کے ساتھ مل کر ٹیم کو ایک اور اہم شراکت فراہم کی ۔ انہو ںنے دوسری وکٹ کی شراکت میں مجموعی اسکور میں 90 رنز کا اضافہ کیا تاہم راول 88 کے انفرادی اسکور پر مورکل کا شکار بن گئے اور انہیں سنچری کے قریب پہنچ کر اپنی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑے۔ کین ولیمسن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا مگر دوسری جانب نیل بروم اور ہنری نیکولس جلد آوٹ ہوگئے۔ بروم نے 12 رنز بنائے نیکولس بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ جنوبی افریقی بولرز کے اس دباو کو مچل سینٹنر نے کم کرنے کی کوشش کی اور کپتان کے ساتھ مل کر اننگر کو آگے بڑھایا۔ دونوں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک ڈٹے رہے۔ کین ولیمسن نے 151 گیندوں پر سنچری مکمل کی ۔ مچل سینٹنر دوسری جانب اپنی وکٹ بچاتے ہوئے کپتان کو کھیلنے کا موقع فراہم کرتے رہے ۔ کین ولیمسن نے اپنا اسکور 148 رنز تک پہنچا دیا ۔ انہوں نے 216 گیندیں کھیلیں اور 3 چھکوں کے علاوہ 14 چوکے لگا چکے ہیں۔ مچل سینٹنر 42 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 13 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ 
 

 

شیئر: