Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھرم شالہ ٹیسٹ ،ہند کو سیریز جیتنے کیلئے 87رنز درکار

دھرم شالہ... ہند کیخلاف فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلوی ٹیم پھر ہندوستانی بولرز کے دباو میں آکر صر ف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ جواب میں میزبان ٹیم کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے ہند کو یہ ٹیسٹ اور سیریز جیتنے کیلئے صرف 87 رنز کی ضرورت ہے ۔ آسٹریلوی بولرز کوئی غیر معمولی کارکردگی دکھا کر ہی یہ میچ بچا سکتے ہیں بصورت دیگر گواسکر بارڈ ر ٹرافی ہند کے نام رہے گی۔ ہندوستانی ٹیم نے کھیل کے تیسرے دن ایک مرتبہ پھر اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تھا اور 248 رنز 6 کھلاڑی آوٹ پر وکٹ کیپر وردھیمان ساہا اور رویندر جڈیجہ دوبارہ کھیلنے آئے۔ ساہا 31 اور جڈیجہ 63 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد بھونیشور کمار صفراور کلدیپ یادو 7 رنز پر آوٹ ہوگئے ہند کی پہلی اننگز 332 رنز پر سمٹ گئی ۔ امیش یادو 2 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ ہند نے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے 300 رنز کے جواب میں 32 رنز کی برتری حاصل کی۔ ناتھن لیون 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ایک ، ایک وکٹ جوش ہیزل وڈ اور اسٹیو اوکیف کے حصے میں آئی۔ آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں غیر متوقع طور پر اچھی بیٹنگ نہیں کر پائی ۔ ہندوستانی بولرز نے اس کی بیٹنگ لائن کو باآسانی قابو کرلیا۔ گلین میکسویل واحد بیٹسمین تھے جو کسی حد تک مزاحمت کرسکے اور 45 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ میتھیو ویڈ 25 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ باقی بیٹسمینوں میں کوئی بھی نمایاں کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکا پوری ٹیم 53.5 اوورز میں 137 رنز پر آوٹ ہوگئی۔ 

 

شیئر: