Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ :ہیلپنگ ہینڈز کی یوم پاکستان پر تقریب

 

23مارچ کا دن ہر پاکستانی کیلئے بیحد اہمیت رکھتا ہے۔ ہیلپنگ ہینڈ نے یوم پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ مقامی ریستوران کے ہال کے اسٹیج کی تزئین و آرائش یوم پاکستان کے حوالے سے کی گئی تھی۔ مہمان خصوصی مسز فرحت نعیم اور مسز تنویر طارق تھیں۔ نظامت مسز بنت الحسن نے کی۔

تقریب کا آغاز عائشہ نذیر کی سورة فتح کی چند ابتدائی آیات سے ہوا جس کا۔ ترجمہ افشاں ملک نے پیش کیا۔ مسز بنت الحسن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوشش کر نی چاہئے کہ یوم پاکستان منانا محض ایک رسم نہ ہو۔ یہ پاکستان سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ اس کے بعد قومی ترانہ عقیدت و احترام سے پڑھا گیا۔ ہیلپنگ ہینڈ زکی صدر مسز رخشندہ پوری نے ا پنی تقریر میں کہا کہ پاکستان ہمارے لئے صرف ایک ملک نہیں ہماری پہچان اور ہمارا جوش و یقین ہے۔ آج ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے یوم پاکستان مناتے ہوئے بیحد خوشی محسوس ہورہی ہے۔ ہمیں چاہئے کہ پاکستان کے ذروں کو ستاروں سے افضل سمجھیں۔

یوم پاکستان کا پروگرام قومی نغموں سے سجایا گیا تھا۔ مسز صائمہ نعمان، مسز در شہوار عدیل، آنسہ عائشہ نذیر، آنسہ افشاں ملک، مسز شمائلہ شہزاد اور مسز فزا درانی نے قومی نغمے پیش کئے تو حاضرین جذبہ حب الوطنی سے سرشاری کی کیفیت میں ڈوب گئے۔ پروگرام میں ٹیبلوز شامل تھے۔ مسز فرح شمشاد اور مسز تاج بانو نے جو ٹیبلو پیش کیا اسکا بنیادی خیال یہ تھا کہ آج وطن عزیز جن حالات سے گزر رہا ہے اس کاتقاضا ہے کہ ہر وقت اپنے پیش نظر پاکستان رکھیں۔

پی آئی ایس جے کی وائس پرنسپل نے اپنے خطاب میں قرارداد پاکستان پر روشنی ڈالی اور مینار پاکستان کے حوالے سے بنیادی معلومات فراہم کیں۔ پروگرام کا اختتام قومی نغمے ”دل دل پاکستان“ پر ہوا۔ اس نغمے پر تمام حاضرین یک زبان ہوگئے اور ایک روح پرور فضا پیدا ہوگئی۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، پاکستان زندہ باد

****** 

 

شیئر: