Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلف کورونا ٹیسٹنگ کٹ کس طرح استعمال کی جائے؟

کٹ معروف فارمیسز سے ہی خریدی جائے جس کی قیمت 45 ریال تک ہے(فوٹو،ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت میں لیبارٹریز سروسز کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الجریان کا کہنا ہے کہ سیلف کورونا وائرس ٹیسٹنگ کٹ معروف فارمیسز سے ہی خریدی جائے۔
گھر پر کورونا ٹیسٹ کرنے کے لیے معروف برانڈ کی کٹ کی قیمت 40 سے 45 ریال مقرر ہے جسے استعمال کرنے سے قبل احتیاطی تدابیر کا جاننا ضروری ہے۔
عاجل نیوز نے ڈاکٹر عبداللہ الجریان کے حوالے سے مزید کہا کہ ’سیلف کورونا ٹیسٹنگ کٹ‘ کی قیمت زیادہ نہیں تاہم اسے ایسی فارمیسی سے ہی خریدا جائے جو معروف ہو۔ ٹیسٹنگ کٹ فارمیسی کے علاوہ کسی دوسری دکان سے نہ خریدیں۔
ایک سوال پرڈاکٹر عبداللہ کا کہنا تھا کہ ذاتی طورپر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرنے سے قبل ضروری ہے کہ اس پر درج احتیاطی تدابیر کا بغور مطالعہ کرلیا جائے تاکہ نتائج میں کسی قسم کی غلطی کا امکان نہ رہے۔
قبل ازیں وزارت صحت کی جانب سے’سیلف کورونا ٹیسٹنگ‘ کے طریقے کے حوالے سے مختصر طورپرمعلوماتی وڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں کورونا ٹیسٹ کرنے کے طریقے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
معلوماتی وڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹنگ کٹ کھولنے سے قبل ہاتھوں کو اچھی طرح سینیٹائز کرلیا جائے بعدازاں ’ٹیسٹنگ سوایب‘ کو ناک میں 2 سینٹی میٹرتک ڈالیں اور اسے پانچ بار آہستہ آہستہ دونوں جانب گھمائیں۔
بعدازاں مخصوص کیمیائی محلول والی ٹیوب میں سوایب کو ڈال کر ڈنڈی کو نشان زدہ مقام سے توڑ دیں ٹیوب کو بند کرکے کٹ میں موجود مخصوص مقام پر محلول کے پانچ قطرے ٹپکا دیں۔

کٹ استعمال کرنے سےقبل ہاتھوں کو اچھی طرح سینیٹائز کیاجائے(فوٹو، ٹوئٹر)

کٹ پر ٹیسٹنگ نمونے کے محلول کے پانچ قطرے ڈالنے کے بعد 15 منٹ انتظار کیا جائے۔ خیال رہے کہ ٹھیک 15 منٹ بعد ہی رزلٹ دیکھا جائے مقررہ وقت سے زیادہ تاخیر نہ کی جائے۔
 کورونا ٹیسٹنگ کٹ پر محلول ٹپکانے کے ٹھیک 15 منٹ بعد اگر کٹ پرموجود دونوں علامتوں ’سی اورٹی‘ میں لائن ظاہر ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ ٹیسٹ مثبت ہے اگر صرف ’سی‘ پر لائن ظاہر ہو تو یہ کورونا نیگیٹو کی علامت ہے۔

شیئر: