Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز: انگلش ٹیم بے بس، ہوبارٹ ٹیسٹ بھی آسٹریلیا جیت گیا

انگلینڈ کے بیٹنگ لائن کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکی (فوٹو اے ایف پی)
آسٹریلیا نے پانچویں ایشز ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 146 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-0 سے جیت لی ہے۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے بیٹنگ لائن کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکی اور چوتھی اننگز میں 271 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 124 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کیمرون گرین، سکاٹ بولانڈ اور کپتان پیٹ کمنز نے دوسری اننگز میں تین، تین وکٹیں حاصل کیں اور مچل سٹارک نے فائنل اننگز میں ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کی طرف سے 68 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے علاوہ کوئی خاص کارکردگی سامنے نہیں آئی۔ انگلینڈ کے زیک کراولی 36 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
اتوار کو ٹیسٹ کے تیسرے روز آخری سیشن میں انگلینڈ نے 68 رنز اور ایک کھلاڑی کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو ڈیوڈ ملان اور زیک کراولی نے 14 رنز کا اضافہ کیا۔
 لیکن کیمرون گرین نے پلٹ وار سے ملان کو 10 رنز پر اور کراولی کو 36 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ جس کے بعد انگلینڈ کی 83 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں۔
بین سٹوک نے ابھی پانچ رنز سکور کیے تھے کہ انہیں مچل سٹارک نے پویلین لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ انگلینڈ نے مزید نو رنز بنائے تو سکاٹ بولانڈ نے روٹ کو آؤٹ کر دیا۔
انگلش بلے باز سیم بلنگز ابھی وکٹ پر اپنے قدم جما بھی نہ پائے تھے کہ سکاٹ بولانڈ نے انہیں بھی ایک رنز پر شکار کیا اور کپتان بیٹ کمنز نے اولی پوپ کو پانچ رنز پر ڈھیر کر دیا۔

دوسری اننگز میں آسٹریلین ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی (فوٹو اے ایف پی)

اس کے بعد انگلش ٹیم کے باقی تین بیٹرز بھی ایک ایک کرکے پویلین لوٹتے گئے اور آسٹریلیا کی جیت کو یقینی بناتے گئے۔
اس سے قبل دن کے آغاز میں دوسری اننگز میں آسٹریلین ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ کو 271 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ آسٹریلیا کے ایلکس کیرے نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے، جبکہ انگلینڈ کے بولر مارک وڈ نے آسٹریلیا کی چھ وکٹیں لیں۔

شیئر: