Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کرکٹ کی نئی جنریشن کے حقیقی کپتان‘: وراٹ کوہلی کے بارے میں پاکستانی کھلاڑیوں کی رائے

کوہلی جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیم کی کپتانی سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد وراٹ کوہلی نے بحیثیت انڈین ٹیم کے کپتان استعفیٰ دے دیا ہے لیکن اس ہار کے باوجود بھی نہ صرف انڈین سوشل میڈیا صارفین بلکہ پاکستانی کرکٹرز بھی ان کی تعریفیں کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
سنیچر کو وراٹ کوہلی نے ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں لکھا تھا کہ ’ٹیم کو درست سمت میں گامزن رکھنے کے لیے سات برس تک روزانہ کی بنیادوں پر محنت کی۔ میں نے یہ کام ایمانداری سے کیا اور کچھ بھی ادھورا نہیں چھوڑا۔‘
کوہلی نے ٹوئٹر پر لکھا ’کسی مرحلے پر آپ کے لیے ہر چیز بالکل رک سی جاتی ہے  اور میرے لیے انڈین ٹیم کے کپتان کے طور پر یہ لمحہ اب آیا ہے۔‘
’اس سفر میں کئی نشیب و فراز آئے، لیکن کوشش اور خود پر یقین میں کبھی کمی نہیں آئی۔ میں نے ہمیشہ 120 فیصد کارکردگی دینے کی کوشش کی۔ میرا دل صاف ہے اور میں اپنی ٹیم کے ساتھ بے ایمانی نہیں کر سکتا۔‘
ان کے کپتانی سے علیحدہ ہونے کے فیصلے پر وراٹ کوہلی کو چیمپینز ٹرافی 2017 کے فائنل میں آؤٹ کرنے والے محمد عامر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’وراٹ کوہلی بھائی، میرے لیے آپ ہمیشہ کرکٹ کی نئی جنریشن کے حقیقی کپتان رہیں گے کیونکہ آپ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک مثال ہیں۔‘

پاکستانی اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا کہ وراٹ کوہلی نے سات سال اپنی ٹیم کی بغیر کسی خوف کے قیادت کی۔

احمد شہزاد نے کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے مستقبل کے لیے نیک تمنائیں۔‘

پاکستانی ویمن ٹیم کی کھلاڑی کائنات امتیاز نے وراٹ کوہلی کو ’ایک بہترین کپتان‘ اور دیگر کھلاڑیوں کے لیے مثال قرار دیا۔

سابق پاکستانی کھلاڑی اور کوچ اظہر محمود نے وراٹ کوہلی کی کپتانی کو ’شاندار سفر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بہترین کھیل سے مداحوں کو لطف اندوز کیا۔

خیال رہے انڈین کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ سے قبل ویراٹ کوہلی کو ون ڈے کرکٹ کی کپتانی سے ہٹا دیا تھا۔  
اس سے قبل  کوہلی نے ٹی 20 ٹیم کی کپتانی خود ہی چھوڑ دی تھی۔
ویراٹ کوہلی نے 95 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں انڈین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی جس میں سے انھوں نے 65 میچ جیتے، 27 ہارے، ایک میچ ٹائی ہوا اور دو منسوخ ہوئے۔
 

شیئر: