Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزرا نے حج مقامات کا دورہ کیا، بجلی کی فراہمی کے منصوبوں کا جائزہ

منی کے جدید خیموں میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا ہے(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور وزیر حج وعمرہ توفیق الربیعہ نے حج مقامات پر بجلی سہولتوں کے معائنے کے لیے منی وعرفات کا دورہ کیا ہے۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق منی اور عرفات میں بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور مضبوط بنانے کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ 
سعودی وزرا کے دورے کا مقصد حج سیزن کے موقع پر بجلی سہولتوں کے حوالے سے اطمینان حاصل کرنا ہے۔ بجلی کے نیٹ ورک کی بہتری سے اس سال عازمین حج کو سہولت ملے گی۔ 

 بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں(فوٹو الاقتصادیہ) 

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی ہدایت ہے کہ بجلی کے تمام منصوبے  جلد مکمل کیے جائیں۔ اعلی معیاری بجلی خدمات فراہم کرنے، حج مقامات پر زائرین کے لیے تمام سہولتیں مہیا کرنے کے لیے انتہائی مستعدی سے کام لیا جائے‘۔ 
وزیر توانائی اور وزیر حج نے منی اور عرفات میں ان تمام مقامات کا دورہ کیا جہاں سعودی بجلی کمپنی نے بجلی  خدمات کے منصوبے نافذ کیے ہیں۔ ان میں منی  و عرفات الیکٹرانک نیٹ ورک کے منصوبے، نئے بجلی گھر شامل ہیں۔ 
دونوں وزرا نے منی کے جدید خیموں میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا ہے۔ 

شیئر: