Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی 20 ورلڈ کپ، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کو سٹیڈیم بھرے ہونے کی توقع

آسٹریلیا ٹی 20 ورلڈ کپ کے آٹھویں ایڈیشن کی میزبانی کر رہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سی ای او نک ہاکلے نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی مانگ سے پتہ چلتا ہے کہ سٹیڈیم شائقین سے بھرے ہوں گے۔
نک ہاکلے نے بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم پرامید ہیں کہ کھلاڑیوں کو ایک شاندار تجربہ ملے گا۔‘
’ظاہر ہے یہ 2020 میں (آسٹریلیا میں) کھیلا جانا تھا، ہمیں خوشی ہے کہ سرحدیں کھل گئی ہیں۔ شائقین سفر کر سکیں گے، سیاح آ سکیں گے، ٹکٹوں کی فروخت بہت تیزی سے ہو رہی ہے اس لیے (ہم) سٹیڈیم کے شائقین سے بھرے ہونے کی توقع رکھتے ہیں۔‘
آسٹریلیا ٹی 20 ورلڈ کپ کے آٹھویں ایڈیشن کی میزبانی کر رہا ہے جو رواں سال اکتوبر سے نومبر تک جاری رہے گا اور 16 ٹیمیں اس میں حصہ لیں گی۔
ایونٹ کے ٹکٹ اس سال کے اوائل میں فروخت ہو گئے، ٹورنامنٹ 16 اکتوبر کو شروع ہو کر 13 نومبر کو میلبورن میں ختم ہو گا۔
واضح رہے کہ 2020 کا ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں کھیلا جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے یہ ملتوی ہو گیا اور میزبانی انڈیا کو مل گئی جس نے یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کروایا۔
گزشتہ سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی تھی۔
آسٹریلوی ٹیم کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے نک ہاکلے نے کہا کہ بحران زدہ سری لنکا، جو ایک غیر معمولی اقتصادی بحران سے نبرد آزما ہے، میں ٹیم بھیجنے سے پہلے انہیں کوئی تحفظات نہیں تھے۔

شیئر: