Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوٹیوبر عبد اللہ خٹک موٹر سائیکل حادثے میں انتقال

عبد اللہ خٹک کراچی میں آغا خان یونیورسٹی میں میڈیکل کے طالب علم تھے (فوٹو: ٹوئٹر مجیب خان)
پاکستان کے صوبہ پختونخواہ کے شہر پشاور سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر عبد اللہ خٹک موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کر گئے ہیں۔
عبداللہ خٹک کی موت کی تصدیق ان کی بہن آمنہ خٹک نے مائیکرو بلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام میں اپنی سٹوری میں کی ہے۔
عبد اللہ خٹک کراچی میں آغا خان یونیورسٹی میں میڈیکل کے طالب علم تھے اور یوٹیوب پر طب، سیاحت، کھانوں، موٹر سائیکل اور لائف سٹائل کی وڈیوز بناتے تھے اور اپنے حلقوں میں کافی پسند کیے جاتے تھے۔
عبد اللہ خٹک نے 14 جنوری 2020 سے اپنے یوٹیوب کے سفر کا آغاز کیا جو بدقسمتی سے 28 جون 2022 کو ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔
عبد اللہ خٹک کی حادثاتی موت پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کے تعزیتی تبصرے کر رہے ہیں۔
مجیب خان نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’ہماری ہی عمر کا ابھرتا ہوا نوجوان۔ زندگی بہت غیر متوقع ہے، ایک سلجھے ہوئے، کثیر باصلاحیت، عبد اللہ خٹک ہم میں نہیں ہیں۔‘
 
عذرا نامی ایک صارف کہتی ہیں کہ ’زندگی بہت غیر متوقع ہے، اللہ آپ کو جنت میں جگہ دے اور گھر والوں کو دکھ سہنے کی ہمت دے۔‘
 
ٹوئٹر پر ایک اور صارف کہتے ہیں کہ ’شاید آپ لوگ نہ جانتے ہوں، عبد اللہ ایک پیدل چلنے والے راہ گیر کو بچاتے ہوئے ایکسیڈنٹ کا شکار ہوگئے جس میں ان کی جان چلی گئی۔ ایسے لگ رہا ہے جیسے وہ اب اچھی جگہ چلے گئے ہیں، جنت میں سکون کرو عبد اللہ۔‘

 

کنزہ ہاشم نامی ایک صارف لکھتی ہیں کہ ’مجھے عبداللہ خٹک کی موت کا یقین نہیں آرہا، یہ کیسے اصلی ہوسکتا ہے؟ اس کے گھر والوں کے لیے دعا کریں۔‘
عبد اللہ خٹک کی آغا خان یونیورسٹی نے اپنے ٹویٹ میں ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

 

شیئر: