Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اب انڈیا کو انگلینڈ سے صرف بارش یا بُمراہ ہی بچا سکتا ہے‘

منگل کے روز ٹیسٹ میچ کے آخری دن انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لیے 119 رنز درکار ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان جاری آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کا کھیل ختم ہوگیا ہے۔
انگلینڈ نے 378 رنز کے ہدف میں دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنا لیے ہیں، جبکہ انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 119 رنز مزید درکار ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز زیک کرالی اور الیکس لیس نے 107 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد انگلینڈ نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں دو سکور کے اضافے کے بعد 109 رنز پر گنوا دیں۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹار پلیئر جو روٹ اور جونی بیئرسٹو نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 151 رنز کی شراکت قائم کی ہے۔
جو روٹ 76 اور جونی بیئرسٹو 72 رنز بنا کر ناٹ آوٹ ہیں۔
دورسری طرف انڈیا کی جانب سے کپتان جسپریت بُمراہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے، جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوگئے تھے۔
چوتھے دن کا آغاز انڈیا نے 125 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا جس کے بعد پوری ٹیم 245 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری اننگز میں انڈیا کے جانب سے چیتیشور پجارا 66 اور رشبھ پنت 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ بین سٹوکس نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
فاطمہ نامی ایک صارف ٹوئٹر پر کہتی ہیں کہ ’روٹ مجھے ہر روز خوش کرتا ہے، کیا کھلاڑی ہے، ایک اور ففٹی، گوھر ہے۔‘
روی نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ ’اب صرف ہمیں بُمراہ یا بارش ہی بچا سکتے ہیں۔‘
اپندرا کمار نامی ایک صارف کہتے ہیں کہ ’جب تک ہمارے بیٹر ڈانس کرتے رہیں گے، تب تک ہم ہارتے رہیں گے۔‘
ایک اور صارف نے میم شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’چکی چکی، بہت ساری بارش نکال۔‘

خیال رہے منگل کے روز ٹیسٹ میچ کے آخری دن انگلینڈ کو سیریز برابر کرنے کے لیے 119 رنز درکار ہوں گے، جبکہ انڈیا کو میچ اور سیریز جیتنے کے لیے 7 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔

شیئر: