Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے انڈیا کو ہرا دیا، ’کوہلی کو ڈراپ کرنا ہوگا‘

انگلینڈ نے 378 رنز کا ہدف پانچویں دن کے پہلے سیشن میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ نے ٹیسٹ سیریز کے آخری اور پانچویں میچ میں انڈیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
انگلینڈ نے 378 رنز کا ہدف پانچویں دن کے پہلے سیشن میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے سٹار پلیئرز جو روٹ اور جونی بیئرسٹو نے ایک بار پھر سے سنچری سکور کرتے ہوئے بالترتیب 142 اور 114 رنز سکور کیے۔
میچ کے پانچویں دن انگلینڈ نے اپنی باری 259 رنز سے شروع کی جس کے بعد صرف 19 اوورز مزید کھیل کے انگلینڈ نے 378 رنز کا بآسانی حاصل کر لیا ہے۔
انگلش کھلاڑی جونی بیئرسٹو کو میچ کی دونوں اننگز میں سنچری سکور کرنے کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا ہے۔
جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ سیریز میں 737 رنز بنانے اور انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ کو سیریز میں 23 وکٹیں لینے پر مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز کے انعام سے نوازا گیا ہے۔
برینڈن مکلم کے کوچ بننے اور بین سٹوکس کے کپتان بننے کے بعد انگلینڈ ٹیم نے اپنے اس ہوم سیزن میں تمام ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کے تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
فرضی نامی ایک صارف اپنے ٹویٹ میں طنز کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’آئیے زیادہ اہم چیزوں پر توجہ دیں، انڈیا کی جی ڈی پی کیا ہے؟‘
انگلینڈ کی خواتین ٹیم کی کھلاڑی کیٹ کراس ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ ’انہوں نے ریکارڈ توڑنا کتنا زیادہ آسان کرکے دکھایا ہے۔‘
ٹوئٹر پر ایک اور صارف کہتے ہیں کہ ’چلو جو بھی ہے، وراٹ کوہلی کو اب کچھ وقت کے لیے ڈراپ کرنا ہوگا، اس بندے کو کافی زیادہ وقت دیا چکا ہے۔‘
انوپم نامی ایک صارف لکھتے ہیں کہ 'بیز بال (یعنی برینڈن مکلم کے طرز کی تیز کرکٹ) کوئی غیر ضروری نہیں ہے، یہ خام ہے، اصلی ہے، انقلابی ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ ٹیسٹ میچ 2021 میں ہونے والی سیریز میں کورونا کے باعث ملتوی ہونے والا میچ ہے۔
انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ جمعرات کے دن ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: